• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد بند کرنے کے اعلان سے قوم پریشان ہے، حاجی پرویز

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلجیم کے صدر حاجی پرویز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے2نومبر کو اسلام آباد بند کرنے اور کاروبار حکومت ٹھپ کرنے کے بلند و بانگ دعوئوں اور اعلانات سے پاکستانی قوم اضطراب و پریشانی کا شکار ہے۔ اس کنفیوژن کی فضا میں سپریم کورٹ کا ابتدائی فیصلہ نہ صرف روشنی کی کرن ثابت ہوا بلکہ اس قدم سے واضح راستے کا تعین بھی ہوگیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگی اراکین سے خطاب کے دوران کیا اور کہا کہ اب جب کہ عمران خان کی دیرینہ خواہش کے مطابق پاناما لیکس کی سپریم کورٹ میں نہ صرف شنوائی ہوئی ہے بلکہ اس کی باقاعدہ سماعت کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے، دھرنے یا عوامی طاقت کے بل بوتے پر وزیراعظم سے استعفیٰ طلب کرنے کا مطالبہ بے جواز ہوگیا ہے۔ حاجی پرویز نے کہا کہ ملک کی اندرونی اور بیرونی صورتحال کے پیش نظر نظر ملک کی دیگر سیاسی جماعتیں عدالتوں اور ایوانوں کو چھوڑ کر سڑکوں اور چوراہوں پر آنے کو بالکل بھی تیار نہیں ہیں۔ لہٰذا تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ دھرنے اور تالہ بندی کے خطرناک راستے کو چھوڑکر نہایت صبر و سکون کے ساتھ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے، کیونکہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے یہی درست لائحہ عمل ہے۔
تازہ ترین