• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کو دہشت گردی کے خلاف کام تیز کرنے کا موقع دیا جائے، امریکا

واشنگٹن (جنگ نیوز،آئی این پی) امریکا نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی بحیثیت آرمی چیف تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انھیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ انسداددہشتگردی کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکرکام کررہے ہیں، پاکستان کے نئے آرمی چیف کو دہشت گردی کیخلاف کام تیز کرنے کا موقع دیا جائے ، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے متعلق ہمارے تحفظات سے پاکستان آگاہ ہے ، سفری انتباہ معمول کی بات ہے کسی امریکی شہری کے پاکستان جانے کی حوصلہ شکنی نہیں کی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق محکمہ خارجہ کےنائب  ترجمان مارک ٹونر نے میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنرل قمرباجوہ نے ابھی عہدے کا چارج سنبھالاہے ان کا حق ہے کہ انہیں  کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فوجی کمان کی تبدیلی کاخیرمقدم کرتے ہیں۔ جنرل قمرجاوید باجوہ کی بحیثیت آرمی چیف تقرری خوش آئند ہے اوران کوآرمی چیف مقررہونے پرمبارکباد دیتے ہیں۔مارک ٹونر نے کہا کہ انسداددہشتگردی کیلئے ملکرکام کررہے ہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے متعلق تحفظات سے پاکستان آگاہ ہے۔ مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے،پناہ گاہیں تلاش کرنیوالے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ادھرامریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے احتجاج پر واضح کیا ہے کہ اپنے شہریوں ٹریول وارننگ معمول کی اپ ڈیٹ ہے،پاکستان میں کوئی مصدقہ خطرہ نہیں،ٹریول وارننگ کا مقصد پاکستان کے سفر یا کاروبار کی حوصلہ شکنی کرنا نہیں۔اپنے ایک بیان میں ترجمان امریکی دفتر خارجہ جان کربی نے کہاکہ پاکستان کیلئے ٹریول وارننگ کا مقصد پاکستان کے سفر یا کاروبار کی حوصلہ شکنی کرنا نہیں ترجمان  کا کہنا تھا پاکستان میں امریکی شہریوں کیلیے ٹریول وارننگ معمول کی اپ ڈیٹ کاحصہ ہے،ٹریول وارننگ کی وجہ کوئی مصدقہ خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام نے سفری وارننگ کا معاملہ امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے لیکن یہ معمول کی کارروائی ہے کیونکہ اپنے شہریوں کو کسی خطرے سے خبردار کرنا ہمارا فرض ہے تاہم کسی شہری کی پاکستان جانے کے حوالے سے حوصلہ شکنی نہیں کی گئی۔
تازہ ترین