• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی عدالتوں میں ججز کی جلد تقرری یقینی بنائی جائے ، سپریم کورٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے جسٹس امیر ہانی مسلم نے ہدایت کی ہے سندھ کے جن اضلاع میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتیں قائم نہیں ہیں ان میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز انسداددہشت گردی ایکٹ کے تحت درج ہونے والے پولیس مقابلے اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات کی شنوائی کریں تاکہ دہشت گردی کے مقدمات کو جلد ازجلد نمٹا یا جا سکےاور لوگوں کو دورداز علاقوں کے بجائے مقامی سطح پر انصاف فراہم کیا جا سکے ۔جسٹس امیر ہانی مسلم نے سینٹرل جیل میں تعمیر ہونے والی انسداددہشت گردی کی 6خصوصی عدالتوں میں ججز کی جلد از جلد تقرری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کی مجموعی کارکردگی، سیکورٹی اور انتظامی معاملات سے متعلق اہم اجلاس جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں منعقد ہوا ۔ جس میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج، ایڈووکیٹ جنرل سندھ ضمیر گھمرو، پراسیکیوٹر جنرل سندھ شہادت اعوان، ہوم سیکرٹری، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، تمام ایس ایس پیز انوسٹی گیشن سمیت دیگر متعلقہ حکا م نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین