• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ سنگین،منصوبے سست روی کا شکار ہیں،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ سید ناصرحسین شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ،سرکلر ریلوے کے منصوبے پر سست روی،تعلیمی اداروں میںپوائنٹس کی عدم فراہمی اور زیر ِ تعمیر سڑکوں کی تعمیر کے دوران متبادل راستے کی عدم تعمیر اور اس کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیر ٹرانسپورٹ کو شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک و ٹرانسپورٹ کے جملہ مسائل کے حل کے سلسلے میں تحریری تجاویزبھی پیش کیں۔اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب،ڈپٹی سیکریٹری اورپبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، الخدمت کے قاضی صدر الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی بنا رہے ہیں ۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کامسئلہ انتہائی سنگین بن گیاہے،ٹریفک کے مسائل کو حل کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،ایک وقت تھا کہ یہاں کے ٹی سی کی بڑی بسیں چلتی تھیں مگر اسے بند کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگرسٹی ناظم نعمت اللہ خان کے ٹرانسپورٹ سے متعلق پراجیکٹس پر تسلسل کے ساتھ عمل کیا جاتاتو آج یہ مسائل نہیں ہوتے۔
تازہ ترین