• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اور شہبازشریف نے دل جیت لیئے ،تاتارستان کے صدر لاہور سے روانہ

  لاہور(نمائندہ جنگ)تاتارستان کے صدر رستم مینیخانوو لاہور کے ایک روزہ دورے کے بعد گزشتہ روز واپس روانہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور صوبائی وزراء نے ائیرپورٹ پر معزز مہمان کو رخصت کیا۔ صدر تاتارستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور شہبازشریف نے بے مثال میزبانی اور پیار دے کر ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ مجھے پنجاب اور لاہور کے عوام سے جو پیار اور خلوص ملا ہے، اسے کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ شہبازشریف نے جس طرح صوبے کو ترقی دی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی لاہور آمد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے اور آپ کے دورے سے پنجاب اور جمہوریہ تاتارستان کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات فروغ پائیں گے۔وزیراعلیٰ نے تاتارستان کے صدر کو ان کے دورہ لاہور کی یادگاری تصاویر کا البم دیا جس پر انہوں نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزراء شیخ علائوالدین، مجتبیٰ شجاع الرحمن، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری اور پنجاب کے اعلیٰ حکام بھی معزز مہمان کو رخصت کرنے کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
تازہ ترین