• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت داخلہ کا ایف آئی اے کو نادرا کے عملے کو بغیر اجازت طلب نہ کرنیکا حکم

کراچی (اسد ابن حسن) وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ شناختی کارڈ دفاتر (نادرا) میں ہونے والی بدعنوانیوں اور دیگر معاملات پر ہونے والی ایف آئی آر اور انکوائریوں کی کسی بھی گریڈ کے ملازم کو اس کی اجازت کے بغیر طلب نہ کیا جائے۔ 14 مارچ کو وزارت داخلہ نے نادرا ہیڈ کوارٹر کو مراسلہ بھجوایا کہ ایف آئی اے اگر کسی بھی ملازم کو تفتیش یا بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کرے تو نادرا آفس براہِ راست وزیرداخلہ سے پہلے تحریری اجازت لے پھر ملازم کو بھجوایا جائے جس پر نادرا نے ایف آئی اے کو لیٹر نمبر 14/2/2016-Admn-I سے تحریری طور پر آگاہ کیا کہ آئندہ سے کوئی بھی ملازم اس وقت تک ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوگا جب تک اس کو وزیرداخلہ اجازت نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ زیردفعہ 160 سی آر پی سی، ایف آئی اے کی انکوائری میں کسی بھی شخص کو طلب کیا جاسکتا ہے اور عدم حاضری اور تعاون پر اس کے خلاف 170 پی پی سی قانونی کارروائی اور مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے کراچی ’’نادرا‘‘ کے خلاف اس وقت درجنوں تحقیقات کررہی ہے جس میں کرپشن اور غیر ملکیوں کو پاکستانی شناختی کارڈوں کا اجراء شامل ہے جس میں مبینہ طور پر نیچے سے لے کر اوپر تک کے ملازمین ملوث رہے ہیں۔
تازہ ترین