• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے سرفراز مرچنٹ کو ضبط کی گئی تمام رقم واپس کردی

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) اسکاٹ لینڈ یارڈ کے نیشنل ٹیرارسٹ فنانشیل انوسٹی گیشن یونٹ (این ٹی ایف ٹی یو) نے سرفراز مرچنٹ کو ایم کیو ایم لند ن کے قائد الطاف حسین اوران کے ساتھیوں کی گرفتاری کے وقت ان کے گھر سے برآمد ہونے والی تمام رقم واپس کردی جبکہ سرفراز مرچنٹ نے کہا ہے کہ تین سال تک مجھے زیر تفتیش رکھنے پر پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور ہرجانے کا دعویٰ کرنے پر غور کررہا ہوں۔ سرفراز مرچنٹ وقت طے کرکے این ٹی ایف ٹی یو کے ہیڈ کوارٹر گئے جہاں ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی تفتیش کرنے والے پولیس کے تفتیش کاروں نے ان کی تمام رقم واپس کردی، یہ مقدمہ عدم ثبوت کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔ این ٹی ایف ٹی یو کے دفتر کے باہر جیو نیوز سے باتیںکرتے ہوئے سرفراز مرچنٹ نے بتایا کہ 6ماہ قبل جب پولیس نے تفتیش کا سلسلہ ختم کیاتھا تو پولیس نے کم وبیش24؍ ہزار پاؤنڈ ان کے بینک اکائونٹ میں واپس جمع کرادیئے تھے لیکن پولیس نے درہم اور پاکستانی کرنسی اپنے پاس روکے رکھی تھی اب آج مجھے 10لاکھ یو اے ای کے درہم اور 31ہزار پاکستانی روپے واپس مل گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ انسداد دہشت کمانڈ یونٹ نے میرے گھر پر چھاپے کے وقت ضبط کی گئی تھی، اب پولیس نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ میرا ایک ایک پیسہ صاف وشفاف اور جائز ہے ۔پوری تفتیش کے دوران میرے خلاف کوئی غیر قانونی بات سامنے نہیں آئی، اور میرا بھی شروع ہی سے یہ موقف تھا کہ میں نے کبھی کوئی غلط اور غیر قانونی کام نہیں کیا۔ سرفراز مرچنٹ نے کہا کہ وہ تین سال تک مجھے زیر تفتیش رکھنے پر پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور ہرجانے کا دعویٰ کرنے پر غور کررہا ہوں کیونکہ اس کی وجہ سے مجھے کم وبیش ایک ملین پاؤنڈ خرچ کرنا پڑے، ان برسوں کے دوران میں شدید ذہنی دبائو کا شکار رہا۔ اس مقدمے کی وجہ سے مجھے لندن میں ہی قیام کرنا پڑا جس کی وجہ سے قانونی فیس اورقیام و طعام اور سفر کی مد میں خاصی رقم خرچ کرنا پڑی۔ میں اس حوالے سے اپنے وکلا سے بات کررہاہوں اور مجھے مشورہ دیاگیا ہے کہ مجھے اپنی قانونی فیس کی واپسی کا دعویٰ کرنے کاحق ہے ، انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے چند دن کے اندر میں اپنی حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔
تازہ ترین