• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز لیگ:میونخ شکست پربرہم،ویڈیو ری پلے استعمال کرنیکامطالبہ

میڈرڈ( جنگ نیوز) یوئیفا چیمپئنز لیگ میں ریفری کے جانبدارانہ فیصلوں کے سبب کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی جرمن چیمپئن بائرن میونخ نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے فٹبال میں ویڈیو کی مدد کا مطالبہ کردیا ہے۔ میچ میں بائرن میونخ کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ریفری کے متعدد جانبدارانہ فیصلوں نے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ کھیل کے 84ویں منٹ میں بائرن کے مڈفیلڈر ویڈال کو ریفری نے دوسرا پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر جانے پر مجبور کردیا جو بے قصور تھے اس سے قبل روبرٹ لیون ڈاؤسکی کو غلط آف سائیڈ دیا تھا لیکن اس کے برعکس کھیل کے 105ویں منٹ میں رونالڈو کی جانب سے گول کو آف سائیڈ قرار نہ دیا گیا حالانکہ وہ آف سائیڈ تھے۔ ریال میڈرڈ نے میچ میں 4-2 سے فتح کے ساتھ ہی مجموعی طور پر 6-3 کی برتری کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ان فیصلوں نے بائرن کے منیجر اور کھلاڑیوں کو سیخ پا کردیا۔ کوچ اینسلوٹی نے میچ کے بعد نیوز کانفرنس میں کہا کہ ریفری کو ویڈیو ری پلے مدد کی ضرورت ہے۔ ویڈال کا ریڈ کارڈ نہیں بنتا تھا اور پھر ہیٹ ٹرک کرنے والے رونالڈو کے دو گول آف سائیڈ پر دے دیے گئے۔ ہم اس پر مایوس ہیں اور کم از کم چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں معیاری اور غیرجانبدار ریفری ہونے چاہئیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ کھیل میں ریفری کیلئے ویڈیو مدد کو متعارف کرا دیا جائے۔ ادھر ویڈال نے اس پر باقاعدہ احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفری نے ہمیں چیمپئنز لیگ سے باہر کردیا۔ جب ہمیں 2-1 کی برتری حاصل تھی تو ریفری خوفزدہ ہو گئے اور انہوں نے اپنا کھیل کھیلنا شروع کیا۔ ہم اپنے ہوم گراؤنڈ کے بعد یہاں بھی ایک کم کھلاڑی کے ساتھ کھیلے۔ منصف اس طرح یک طرفہ برتائو کریں گے تو فتح ناممکن ہوگی۔ کم از کم چیمپئنز لیگ جیسے بڑے مقابلوں میں اس طرح کی غلطیاں سرزد نہیں ہونی چاہئیں۔
تازہ ترین