• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں سماجی نیٹ ورک پیمنٹ 3 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی

بیجنگ،نیویارک(این این آئی) اقوام متحدہ کی ایک نئی تحقیق کے مطابق 2016 میں علی پے اور وی چیٹ پے نے چین کی ڈیجیٹل پے منٹ کو 2.9 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچا دیا ہے جو گزشتہ 4 سالوں میں 20 گنا اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اعدا و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ موجودہ پلیٹ فارمز اور نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل پے منٹ وسیع تر ڈیجیٹل مالی سروسز تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ چین اور پڑوسی ممالک میں مالی شمولیت اور معاشی مواقع میں اضافہ کر رہی ہیں۔اقوامِ متحدہ میں قائمBetter Than Cash Alliance کی جانب سے پیش کی گئی یہ نئی رپورٹ ’ چین میں سماجی نیٹ ورکس، ای کامرس پلیٹ فارمز، اور ڈیجیٹل پیمنٹ ایکو سسٹم کی ترقی دوسرے ممالک کے لیے کیا معنی رکھتی ہے‘ میں نقد سے ڈیجیٹل ادائیگی کی جانب منتقلی کے ذریعے مزید افراد کو معیشت میں شامل کرنے میں دوسرے ممالک کی مدد کرنے کے حوالے سے بنیادی اسباق شامل ہیں۔ مک کِنسے گلوبل انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلی ترقی پذیر معیشتوں میں 2025 تک جی ڈی پی میں 6فیصد اضافہ کرے گی جس سے 3.7 ٹریلین امریکی ڈالر اور 95 ملین ملازمتوں کا اضافہ ہو گا۔ Better Than Cash Alliance کے مینجنگ ڈائریکٹر رُتھ گڈوِن گروئن نے کہا کہ سماجی نیٹ ورکس اور ای کامرس پلیٹ فارمز ہر معیشت میں ترقی کر رہے ہیں خواہ وہ چھوٹی ہو یا بڑی۔ چین میں ڈیجیٹل پیمنٹس ان ذرائع سے فروغ پا رہی ہیں جس نے لاکھوں افرادکو معیشت کا حصہ بنا دیا ہے۔ اس سے فرق پڑتا ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ جب لوگ خصوصًا خواتین کو مالی خدمات تک رسائی حاصل ہوتی ہے تو وہ بچت کرنے، اثاثے تعمیر کرنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے مالی دھچکوں سے بچاؤ کے قابل ہو جاتے ہیں اور انہیں اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کے مواقع ملتے ہیں۔رپورٹ سے حاصل ہونے والے اہم نتائج کے مطابق زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بچت کرنے اور سرمایہ کاری کرنے کے مواقع ملیں گے۔ علی بابا کی Yuʼebao جیسے پلیٹ فارم کم آمدنی والی آبادی کے لیے سرمایہ کاری کی رقوم کو متنوع مالی مصنوعات میں بدل کر قابلِ رسائی بنا دیتے ہیں۔ یہ مصنوعات ان کو ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رہ جانے والی رقوم کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دیتی ہیں جو طویل مدتی بچت کی جانب ایک نفع بخش پیش قدمی ہے۔ 2013 سے 2016تک Yuʼebao نے 117 بلین ڈالر کی ترقی کی ہے اور اب 152 ملین سے زیادہ صارفین کو اپنی خدمات پیش کر رہا ہے۔ڈیجیٹل مالیات کی امداد سے چھوٹے تاجروں کے لیے سرمائے تک رسائی میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے۔ ستمبر 2016 کے مطابق علی پے پلیٹ فارم پر 411 ملین سے زائد چھوٹے اور مائیکرو انٹرپرائزز اور کاروباری افراد کو کل 740 بلینRMB 107.3 امریکی ڈالرکے قرضے دیے گئے۔ان پلیٹ فارموں کے ذریعے پیدا ہونے والے وسیع اعدادو شمار کریڈٹ اسکورنگ کی یادداشت بنانے اور قرضوں تک رسائی کو ، خصوصًا مالی طور پر مستثنٰی کم آمدنی والی آبادی کے لیے، پروان چڑھانے میں معاون و مددگار ہیں۔
تازہ ترین