• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے پاکستان سے کل بھوشن کی صحت کا سرٹیفکیٹ طلب کر لیا

اسلام آباد (صالح ظافر) بھارت نے پاکستان سے اپنی بحری فوج کے افسر کل بھُوشن یادیو کی صحت کی صورتحال کے حوالے سے سرٹیفکیٹ طلب کر لیا ہے۔ کل بھُوشن یادیو پاکستان میں را کیلئے جاسوسی اور دہشت گردی کا نیٹ ورک چلاتا تھا اور اسے بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے ملٹری کورٹ سے سزائے موت دی جا چکی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو یادیو کیخلاف چارج شیٹ کی نقل موصول ہونا باقی ہے، حکومت کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ملٹری کورٹ میں ان کا دفاع کس نے کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک دن قبل ہی پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر نے یادیو کی سزائے موت کیخلاف اپیل دائر کی ہے۔ گوپال باگلے کا کہنا ہے کہ کل بھُوشن یادیو کی صحت اور حالت انتہائی باعث تشویش ہے، ہم نے نہ یادیو کو دیکھا ہے اور نہ ان کی خبر موصول ہوئی ہے، وہ ایک سال سے پاکستان کی حراست میں ہیں لہٰذا ان کی حالت اور صحت پر ہمیں تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی حکومت سے پہلے بھی کہا تھا اور گزشتہ روز اپنے ہائی کمشنر (گوتم بامباوالے) کے توسط سے بھی درخواست کی ہے کہ یادیو کی صحت کے متعلق رپورٹ دی جائے، لہٰذا ہمیں پاکستان کے جواب کا انتظار ہے، ہم نے بدھ کو پاکستان کو 16ویں مرتبہ درخواست کی کہ یادیو تک قونصلر رسائی دی جائے۔ گوپال باگلے سے جب طالبان ترجمان احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے افغان انٹیلی جنس اور بھارتی ایجنسی را کے ساتھ روابط تھے، کے حو الے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کے جبری اعترافی بیانات کی حیثیت معلوم ہے۔
تازہ ترین