• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقیاتی پروگرام کیلئے ریکارڈ 1001ارب روپے مختص، قرضوں کے سود پر 1363 ارب خرچ ہونگے، دفاع کیلئے 920 ارب

اسلام آباد(ایجنسیاں)آئندہ مالی سال کے بجٹ میں قومی ترقیاتی پروگرام کیلئے 2113ارب اور دفاعی اخراجات کیلئے 920ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ قرضوں کے سود کی ادائیگی پر 1363ارب روپے خرچ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق مالی سال 2017-18ءکے قومی ترقیاتی پروگرام کا مجموعی حجم 21 کھرب 13 ارب روپے ہوگا جس میں وفاق کا حصہ ریکارڈ 10 کھرب 1 ارب روپے اور صوبوں کا حصہ 11 کھرب 12 ارب روپے ہوگا۔ ترقیاتی پروگرام میں 162 ارب روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے‘ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبوں کا ترقیاتی بجٹ بھی 10 کھرب روپے سے زائد مختص کیا گیا ہے‘ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں 90 فیصد فنڈز جاری منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ تقریر میں وزیرخزانہ کا کہناتھاکہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی اخراجات مالی سال 2012-13ءکے 324ارب روپے کے مقابلے میں3گنا بڑھ چکے ہیں‘ وفاقی حکومت کا ترقیاتی پروگرام 1001 ارب روپے تک بڑھانے کی تجویز ہے جوکہ پچھلے مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کے 715 ارب روپے کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔ وفاقی اور صوبائی ترقیاتی پروگرام کا مجموعی حجم پچھلے سال کے 1539 ارب روپے (715 ارب روپے وفاقی اور 824 ارب روپے صوبائی) سے بڑھا کر 2113 ارب روپے کیا جا رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ حکومتی شعبے نے اپنے ترقیاتی اخراجات میں 37 فیصد اضافہ کیا ہے‘ اس سے معیشت میں لاکھوں لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے‘ ترقیاتی اخراجات میں اضافے سے نجی شعبے میں بھی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ دریں  اثنا ءوفاقی میزانیے میں ملکی وغیرملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مدمیں 1363ارب روپے رکھے گئے ہیں  ۔ ادھر حکومت نے مالی سال2017-18 کے بجٹ میں دفاع کیلئے مختص رقم میں7فیصد(79ارب روپے) اضافہ کردیا‘گزشتہ مالی سال حکومت نے دفاع کی مد میں 841ارب روپے مختص کئے تھے ۔تاہم مسلم لیگ (ن) نے اپنی حکومت کے آخری بجٹ میں دفاع کیلئے 920 ارب روپے مختص کردیئے‘بجٹ میں فوجی افسران اور جوانوں کو تنخواہ کا 10فیصد ردالفساداسپیشل الاؤنس دیا جائے گا‘یہ الاؤنس تنخواہ میں دس فیصد اضافے کے علاوہ ہوگا۔وفاقی حکومت نےآئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کو پنشن ادائیگی کی مد میں 248ارب روپے مختص کئے ہیں۔
تازہ ترین