• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرانسپورٹرز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی ملی بھگت، غیرمعیاری سلنڈرز کی حامل گاڑیوں سے شہریوں کو خطرات

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ،سی این جی ڈیلرز اور ٹرانسپورٹرز کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے موت کی علامت غیرمعیاری آلات سے آراستہ سی این جی کی حامل گاڑیاں سڑکوں پررواں دواں ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید خطرات لا حق ہیں، دوسری جانبصبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے کی پابندی ہونے کے باوجود مذکورہ گاڑیاں دن بھر اہم شاہراہوں اور مارکیٹوں کےاطراف چلائی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے جنگکو بتایا کہ گیس کی حامل گاڑیوں کے خلاف مرحلے وار کارروائیاں کی جارہی ہیں،کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع حیدرآباد میں گیس سے چلنے والی منی بسیں،کوچز،رکشہ،سوزوکی اور دیگر سیکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں چل رہی ہیں جن میں آدھی سے زائد گاڑیاں ایسی ہیں جن کی نہ تو برسوں سے چیکنگ اور مرمت کرائی گئی ہے اور نہ ہی ان میں نصب گیس کے سلنڈر معیاری ہیں جبکہ قوانین کے مطابق گیس کی حامل گاڑیوں میں اندر کے بجائے اوپر چھتوں پر سلنڈر نصب کرنے کی اجازت ہے،اس کے باوجود چند گاڑیوں کے علاوہ تمام گاڑیوں میں گیس سلنڈر گاڑیوں کے اندرنصب ہیں جو کسی بھی وقت جانی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں،اس کے باوجود محکمہ ٹرانسپورٹ عملی اقدامات اٹھانے سے قاصر ہے دوسری جانب ضلع انتظامیہ کی جانب سے صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کا شہر میں داخلہ ممنوع ہے،سابق کمشنر نے شہر کے داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ بڑی گاڑیوں کا شہر میں داخلہ روکا جاسکے جس پر عملدرآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے تاحال ہیوی ٹریفک شہر میں رواں دواں ہے۔ شہریوں کے مطابق اسکول کے ٹائم پر ہیوی ٹریفک گزرنے سے حادثات رونما ہوسکتے ہیںکیونکہ مذکورہ گاڑیاں اوور لوڈ ہوتی ہیں جس کے پیش نظر عوا م الناس کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ جنگ کے رابطہ کرنے پرجو سلسلے وارمحکمہ ٹرانسپورٹ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ غیر معیاری گیس کی گاڑیوں کے خلاف سلسلے وارکارروائیاں جاری ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی قانون سے بڑا نہیں ہے جو بھی قوانین پر عمل درآمد نہیں کریگا اس کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے حیدرآباد میں ستمبر کے مہینے کے دوران سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے متعلقہ افسران کو گاڑیوں کی چیکنگ و مرمت کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کے احکامات دیئے تھے جس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا ۔
تازہ ترین