• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلندر ہرچہ گوید دیدہ گوید
ترجمان جنگ گروپ نے کہا ہے، جس کی خواہش کے مطابق نہ چلو تو وہ متنازع بنانے کی کوشش اور الزام لگانا شروع کردیتا ہے، غلط پروپیگنڈا، بدگمانی اکثر غلط ہوتے ہیں، یہی اسلام بھی ہمیں سکھاتا ہے کہ اکثر تمہارے گمان غلط اور گناہ ہوتے ہیں:القرآن اور حدیث مبارکہ بھی ہے کہ سنی سنائی پر کان مت دھرو پہلے اچھی طرح تحقیق کرکے رائے قائم کیا کرو۔جنگ گروپ اس ملک کا ایک ایسا میڈیا ہائوس ہے جس نے جو دیکھا وہی لکھا، دکھایا، بیان کیا، ظاہر ہے میڈیا کا کردار ایسا ہی ہونا چاہئے، مگر یہاں یہ سوچ اب چل نکلی ہے کہ میڈیا وہی سوچے جو کوئی فرد، کوئی جماعت کوئی ادارہ سمجھتا ہے۔ یہ شعبہ ِخبر رسانی کے ساتھ کھلا دھوکہ ہے جو جنگ گروپ نے اختیار کیا اور نہ کبھی کرے گا۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
آپ کریں تو ٹھیک ہم کریں تو پاپ؟
تحریک انصاف، مخصوص میڈیا گروپ اور اس کے دانشور عدلیہ، جے آئی ٹی کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ اب اس خبر کو ذرا غور سے دیکھیں کہ یہ جنگ گروپ کے خلاف ہے یا حق میں، مگر یہ جن صفحات پر چھپی ہے وہ ہی اس کا نشانہ ہیں۔ جنگ گروپ نے یہ نہیں دیکھا کہ اس کی اشاعت سے الزام دینے والوں کی تصدیق ہوگی، بلا کم و کاست شائع کردیا۔
ہمیں تو لگتا ہے کہ ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت ایک عرصے سے اس میڈیا گروپ کو طرز کہن اپنانے اور آئین نو سے ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے، عدلیہ، جے آئی ٹی کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے کی تہمت لگانا قذف ہے۔ ملک کے ایک بڑے میڈیا ہائوس کو بدنام کرنے کی سازش ہےکیا تحریک انصاف کا یہی انصاف ہے؟
٭٭ ٭ ٭ ٭
بنا ہے عیش حکمران حسین خاں کے لئے
عید سے9روز پہلے ہی پرتعیش قرار دے پنکھے، ائیرکنڈیشنرز، ریفریجرئیٹرز، کاریں ، سگریٹ، مشروبات، میک اپ سامان، دہی مکھن، پھل ا لغرض عام استعمال کی اشیاء سمیت 441اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں۔ ڈیوٹی میں اضافہ کرکے عوام کےلئے عام استعمال کی اشیاء مہنگی کرنا بلاشبہ اشرافیہ کو مستحکم اور عوام الناس کو کمزور کرنے کی سقم ظریفانہ کوشش ہے۔ ظاہر ہے مہنگائی اور پرتعیش سازو سامان کی خریداری صرف حکمرانوں اور معاشرے کے امیر ترین گھرانوں کو غالب اور عام آدمی کومغلوب بنانے کی کوشش ہے۔ہم یہاں مکمل فہرست پیش نہیں کرسکتے لیکن اتنا پوچھیں گے کہ کیا دہی اور ٹوتھ پیسٹ بھی پرتعیش ا شیاء کے زمرے میں آتے ہیں؟ یہ صرف ایک مثال دی ہے خلاصہ یہ ہے کہ تقریباً تمام اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں، کیا وزیر اعظم اس ساری مہنگائی کے بلٹن سے بری الذمہ ہیں؟ حکمرانوں کے بجائے ایف بی آر کا نام لے دینا کہ یہ اس نے کیا ہے کیا یہ نہیں کہ ’’دیتے ہیں یہ بازیگر دھوکہ کھلا‘‘ اسحاق ڈار صاحب کا نام بھی نہیں آیا، حکمران جب فیتہ کاٹتے ہیں تو تصاویر اور اسمائے گرامی کے بڑے بڑے اشتہار دئیے جاتے ہیں اور عید سے9 روز قبل جو یہ مہنگائی بم پھینکا تو نام لگادیا ایف بی آر کا؟ جو چلمن سے لگے بیٹھے ہیں اور ہر بری خبر اپنے اداروں کے ذریعے قوم کو دیتے ہیں، وہ صاف چھپتے بھی نہیں کہ جان چھوٹے اور سامنے آتے بھی نہیں کہ اتنا تو معلوم ہو کہ کیا ہم نے پھر ان کو ہی کرسی پیش کرنی ہے۔ حکمران اپنی ادائوں پر ذرا غور کریں ، یہ ملفوف ظلم براہ راست عوام پر ڈھایا جارہا ہے اور ہم جو عوام کے مسائل کی بات کرتے ہیں تو ہمیں ایک مخصوص میڈیا گروپ کے دانشوروں کا نام دیا جاتا ہے، ہر طرح کا الزام دیا جاتا ہے، ہم مصدقہ خبروں پر ہی لکھتے ہیں بعض مخصوص طبقوں کو برا لگتا ہے تو اس میں آزادی صحافت کا کوئی قصور نہیں۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
آزادی گفتار تو دیکھو!
٭...طاہر القادری، بد اخلاق حکمرانو! پاکستانی کرب میں مبتلا ہیں۔
اسے کہتے ہیں جرأت رندانہ!
٭... علی امین وزیر ریونیو خیبر پختونخوا آج اپنے حلقہ میں گلائیڈر جہاز کے ذریعے عیدی گرائیں گے۔
عیدی دینے کا اس سے زیادہ باعزت طریقہ اور کیا ہوگا؟
٭...خورشید شاہ، نواز شریف جمہوریت بچانے کے لئے مستعفی ہوجائیں۔
’’بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی‘‘
٭...عمران خان،حکومت کو عدلیہ اور جے آئی ٹی پر چڑھائی مہنگی پڑےگی،
چلو کسی مہنگائی کا تو حکمرانوں کو بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
٭...تہمت لگانا قذف ہے اور اس کی سزا 80کوڑے۔
ہمیں تہمت لگانے سے پرہیز کرنا چاہئے اور تہمت اس الزام کو کہتے ہیں جس تہمت لگانے والا ثابت نہ کرسکے، اسی کو اسلام میں قذف کہا جاتا ہے۔
٭...مریم اورنگزیب،70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔
اس سے پہلے مہنگائی کا سدا بہار جشن شایان شان طریقے سے منانے کا آغاز کردیا گیا ہے، محترمہ اس بارے بھی کبھی کچھ فرمادیا کریں، کہ عام آدمی کے بجٹ پر کیا گزر رہی ہے۔

 

.

تازہ ترین