• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کیساتھ حل طلب مسائل، اے این پی نے پارلیمانی جرگہ طلب کرنیکا مطالبہ کردیا

پشاور ( سٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا حکومت سے وفاق کی جانب سے نیپرا ایکٹ میں ترامیم لانے کیخلاف مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس اور صوبہ کے حل طلب مسائل نمٹانے کیلئے پارلیمانی جرگہ طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کی نااہلی کی وجہ سے خیبر پختونخوا پاک چین اقتصادی راہداری سمیت اہم اور میگا پراجیکٹ ہار چکا ہے، کپتان صوبہ کے وسائل پنجاب میں اپنا ووٹ بینک بڑھانے کیلئے استعمال کررہے ہیں، وفاقی حکومت اور نیپرا بجلی نرخوں کے حوالے سے فوری طور پر ہمارے صوبے کے ریٹ پر نظر ثانی کرکے ٹرانسمیشن لائنز کی نئے سرے سے مرمت کرے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے پرا ایکٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے ترمیم لانے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر زور دیا ہے کہ وہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کی در خواست کریں اور مرکزی حکومت کے ساتھ نیپرا سمیت دیگر زیر التوا مسائل کے حل کیلئے پارلیمانی جرگہ بلائیں جس میں ان جماعتوں کے نمائندے بھی شریک ہونے چاہئیں جن کی اسمبلیوں میں نمائندگی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت روز اول سے ہی صوبے کے مسائل کے حوالے سے تنہا سفر کر رہی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ خیبر پختونخوا سی پیک سمیت بڑے منصوبے ہار گیا اور صوبے کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا ، ہمارے صوبے میں پانی سے سستی بجلی پیدا ہو رہی ہے لیکن بدقسمتی سے نیپرا کے شیڈول کے مطابق واپڈا ہم سے انتہائی کم قیمت پر  بجلی خرید کر انتہائی مہنگے داموں فروخت کر رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نیپرا بجلی نرخوں کے حوالے سے فوری طور پر ہمارے صوبے کے ریٹ پر نظر ثانی کرے اور دوسرا صوبے کی ٹرانسمیشن لائنز کی نئے سرے سے مرمت کی جائے تاکہ کم وولٹیج کا مکمل خاتمہ ہو سکے،انہوں نے کہا کہ واپڈا کے سالانہ مرمتی فنڈ سے ہمارے صوبے کے ٹرانسفارمر اپ گریڈیشن ، نئے میٹرز ، اور نئے گرڈ سٹیشنز پر فوری اور مؤثر کام کا آغاز ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ دارانہ رویے نے صوبے کو ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنزلی کی جانب ھکیل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مرکزی کے ساتھ زیر التوا مسائل کے حوالے سے اے این پی کی پالیسی بڑی واضح ہے اور صوبے کے مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کے حوالے سے ہماری پارٹی ایوان اقتدار سے قطع نظر میدان میں ہوگی ،سردار حسین بابک نے کہا کہ عمران خان صوبائی حکومت اور ذرائع کو پنجاب کے ووٹ بنک میں اضافے کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور صوبائی کابینہ میں منظور نظر افراد کو وہی محکمے دیئے گئے ہیں جو نجکاری پر عمل پیرا ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اسلام آباد ، لاہور اور کراچی کے سرمایہ داروں کو ان ٹھیکوں میں ڈالا جا رہا ہے اور اس حوالے سے احتسابی اداروں کے پاس ان کی فائلیں موجود ہیں لہٰذا ان احتسابی اداروں کو صوبے کو تباہی سے بچانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ 

تازہ ترین