• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دادابھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا کہ پاکستانی جامعات اور اشرافیہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کلیدی کرداراداکریں۔ہمیں عید کے اس پرمسرت موقع پر ان لاکھوںافراد کو نہیں بھولنا چاہیے جو اپنے مالی حالات یا صحت کی وجہ سے عید کی خوشیوں سے محروم رہ جاتے ہیں۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اپنے معاشرے اور اس کے لوگوں کی خدمت کا موقع مل رہاہے،انسانیت کی خدمت ایک عظیم فریضہ ہے جس کا اسلام میں بھی حکم دیا گیاہے،ہم میں بہترین وہ ہے جو دکھی انسانیت اور کمزور کی خدمت کرتاہے۔ہمیں چاہیے کہ معاشرے کے کمزورطبقوں کی خدمت کرکے ایک فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دادابھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن اور جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ دادابھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے تھر پارکر کے متاثرہ خاندانوں کو خوراک کی اشیاء اور ان کے بچوں کیلئے کھلونے بھجوائے گئے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی کی قیادت میں دارالسکون کراچی کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے خصوصی بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔شاہانہ عروج کاظمی نے بتایا کہ دادابھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن نے اپنے نصاب میں ایک کریڈٹ آورز پر مشتمل کمیونٹی سروس کا کورس متعارف کرایا ہے جس میں تمام طلبہ کو کسی فلاحی ادارے میں اپنی خدمات سرانجام دینی ہوں گی۔ 

تازہ ترین