• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر تنازع ،ملی یکجہتی کونسل قائدین سعود یہ اور ایران جائینگے

لاہور( نمائندہ جنگ) ملی یکجہتی کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ اتحاد امت کا پیغام لیکر کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد جلد سعودی عرب ، ترکی،قطر اور ایران کا دورہ کرے گا تاکہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تنازع کو ختم کرایا جاسکے،کونسل نے  پارا چنار ،کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی استعماری ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کا کھیل کھیلا جارہا ہے ، گزشتہ  روز پارا چنار ،کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف اور سانحہ احمد پور شرقیہ پر اظہار افسوس کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا ہنگامی اجلاس قائم مقام امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کی صدارت میں منصورہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں حافظ عبد الرحمن مکی،حافظ عاکف سعید ،خرم نواز گنڈا پور،پیر ہارون گیلانی ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،ابتسام الہٰی ظہیر ،حافظ کاظم رضا،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ،حافظ عبد الر زاق روپڑی ،پیر حبیب عرفانی ،ڈاکٹر امجد چشتی ،ثاقب اکبر ،لعل مہدی خان رضی عباس شمسی سمیت  18دینی جماعتوں کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد لیاقت بلوچ نے دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں پارہ چنار ،کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔عالمی استعماری ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کا کھیل کھیلا جارہا ہے ۔پارا چنار کا واقعہ کسی ایک مسلک کے نہیں پوری قوم کے خلاف دہشت گردی ہے ۔حکومت نے پارا چنار سانحہ پر بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،جس کی وجہ سے عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔ملک کا کوئی وزیر خارجہ ہے نہ خارجہ پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو فوری طور پر پارا چنار جا نا چاہئے تھا۔آئندہ جمعہ کو ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں قومی یکجہتی اور اتحاد امت کے نام سے منایا جائے گا۔بھارت اوراسرائیل کی سرپرستی کرکے امریکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے ۔متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین کو دہشت گردقرار دینامودی کی خوشنودی اور کشمیر کی تحریک آزادی کو سبو تاژ کرنے کی سازش ہے ۔امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید کو فوری رہا کیا جائے ۔ملی یکجہتی کونسل آٹھ اور 13جولائی کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے دن منائے گی۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کھلم کھلا دہشت گردی کا واقعہ ہے ،اس کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے ۔پارا چنار کے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کی فوری اور مناسب امدا د کی جائے۔ملی یکجہتی کونسل کا وفد جلد پارا چنار کا دورہ کرے گا۔ قبل ازیں ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعۃ الدعوۃ کے نائب امیر حافظ عبد الرحمن مکی نے کہا کہ پاکستانی حکمران امریکہ اور بھارت کی خوشنودی کیلئے تحریک آزادی کشمیر اور متحدہ جہاد کونسل کے خلاف امریکہ اور بھارت کے موقف کے حامی بنے ہوئے ہیں ،انہوں نے وزیر اعظم اور مشیر خارجہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ کے اشاروں پر ناچنے والے لوگ ہیں جنہیں پاکستان کے مفادات کی کوئی پرواہ نہیں ،  داعش دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام کررہی ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، یہ را ، موساد اور سی آئی اے کے ایجنٹو ں کا ٹولہ ہے ، اتحاد امت کیلئے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے نہ صرف پاکستان میں قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے بڑا موثر کردار ادا کیا ہے بلکہ عالم اسلام میں ہم آہنگی کیلئے بھی جماعت اسلامی کی کوششیں قابل تحسین ہیں ۔حافظ عاکف سعید نے کہا کہ 57مسلم ریاستوں میں کسی ایک جگہ بھی شریعت کا نظام رائج نہیں جس کی وجہ سے پورا عالم اسلام اللہ کے عتاب میں ہے ،قائد اعظم ملک میں خلافت راشدہ کا نظام چاہتے تھے مگر بعد میں آنے والوں نے ان کے نظریات اور تحریک پاکستان کے شہداء کے خون سے غداری کی ۔ملک میں آج بھی انگریز کا قانون چل رہا ہے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ماڈل ٹائون کا سانحہ حکمرانوں کی کھلی دہشت گردی ہے ،اس حکومت سے کسی خیر کی توقع کرنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کو فوری طور پر ایک وفد تشکیل دینا چاہئے جو دہشت گردی اور دیگر سانحات کے موقع پر علاقے کے دورہ پر جائے اور متاثرین کے ساتھ ہمدری اور تعزیت کا اظہار کرے اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی جائے ۔پیر سید ہارون گیلانی نے پاراچنار واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی اور کے پی کے کو خون میں نہلایا گیا جس پر مذمت کی قرار دادوں کے سوا کچھ نہیں ہوا۔ملی یکجہتی کونسل کو نظام مصطفی ؐکے نفاذ کی تحریک اٹھانی چاہئے تاکہ دہشت گردی کا مستقل سدباب ہوسکے ۔ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ دشمن قوتوں کا اصل ہدف دین اسلام اور دیندار طبقہ ہے ۔قومی یکجہتی کے پیغام کو نئی نسل میں منتقل کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر کمپین لانچ کی جائے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی یا قدرتی آفات کے متاثرین خواہ وہ جس بھی صوبہ اور مقام سے ہوں یکساں حکومتی امداد کا ایک میکنزم بنایا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر تنازعہ میں ہماری طرف سے یکساں قومی مئو قف جانا چاہئے اور اس تنازعہ کے خاتمہ میں ملی یکجہتی کونسل کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ حافظ کاظم رضا نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر پاراچنار میں ایک وفد بھیجنا چاہئے ،پارا چنار کے متاثرین پانچ روز سے لاشیں رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں ،پارا چنار میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں  پھلانگ دی گئی ہیں ،   اجلاس سے ابتسام الہیٰ ظہیر،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ،حافظ عبد الرزاق روپڑی ،پیر حبیب عرفانی ،ڈاکٹر امجد چشتی ،لعل مہدی خان ،ڈاکٹر محمد نقی ،مولانا عبد المالک و دیگر نے بھی خطاب کیا ،اجلاس میں سانحہ احمد پورشرقیہ کے شہداء کیلئے مغرفت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

تازہ ترین