• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ہفتہ کو چھٹی سے ٹوئٹر استعمال کرنے والوں کا عدم اتفاق

Todays Print

اسلام آباد (رپورٹ: طارق بٹ) وزیراعظم نوازشریف کے بچوں مریم اور حسین کے درمیان برطانیہ میں تعطیلات کے دوران وقف نامے پر دستخط کے بارے میں سپریم کورٹ کی تین رُکنی عملدرآمد بنچ کے ایک معزز جج کے ریمارکس نے مائیکرو بلاگنگ سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ریمارکس کو اُبھارا ہے۔

بنچ نے دریافت کیا کہ ہفتہ 4 فروری 2006ء کو برطانیہ میں وقف نامے پر دستخط کیوں کر ممکن ہوئے کیونکہ ہفتہ کو تو برطانیہ میں چھٹی ہوتی ہے۔ چھٹی والے دن تو برطانیہ میں تو کوئی کال بھی وصول نہیں کرتا۔ دستخط کیسے ممکن ہوئے؟ جسٹس شیخ عظمت سعید کے دریافت کرنے پر وزیراعظم کے وکیل سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ غلطی ہوگئی۔

ایک ٹیلی وژن اینکر نے ٹوئٹ کیا کہ شریف خاندان کے وکلاء نے برطانیہ سے جو دستاویزات جمع کرائیں ان پر دستخط عام تعطیل والے دن ہوئے جب قانونی کاغذات پر دستخط نہیں ہو سکتے تھے۔ انہوں نے سوال اُٹھایا کیا عدالت اس کو نظرانداز کر دے گی؟ لیکن کسی ٹوئٹر استعمال کرنے والے (یوزر) نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ اکثر یوزرز نے اس دعوے کو مسترد ہی کیا۔

معروف وکیل اور سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کے صاحبزادے زاہد ایف ابراہیم نے ٹوئٹ کیا کہ گزشتہ اتوار کی شام ہی ان کی ایک برطانوی لاء فرم کے دفتر میں ملاقات ہوئی۔ لندن میں مقیم ایک صحافی کے مطابق جے آئی ٹی نے جس قانونی فرم کوئسٹ سولیسیٹرز کی خدمات حاصل کیں، وہ ویک اینڈز پر کام کرتی ہے۔ ایک کالم نگار نے ٹوئٹ کیا کہ نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) جنرل پریکٹیشنرز اور وکلاء وغیرہ ہفتہ کے روز کام کرتے ہیں جن کا انہیں اضافی معاوضہ ملتا ہے۔

ڈاکخانے اور قومی بینکس بھی ہفتہ کو کھلے ہوتے ہیں۔ برطانیہ میں تمام متعلقین کے لئے ہفتہ عام تعطیل کا دن نہیں ہوتا۔ کم از کم گوگل کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہفتہ 4 فروری 2006ء کو عام تعطیل نہیں تھی۔

ایک نوٹری پبلک فرم کے مطابق وہ گزشتہ 20 سال سے ناظر رجسٹری کے فرائض انجام دے رہی ہے اور ہفتہ کے دن بھی کاغذات اور دستاویزات کی تصدیق کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہماری خدمات ‘‘  کاروباری اوقات کے بعد بھی دستیاب ہوتی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر ایک اشتہار کے مطابق گھروں پر بھی نوٹری پبلک خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

تازہ ترین