• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان داعش سے دور رہیں،آرمی چیف، تعلیم یافتہ بچے اس کا ہدف، سوشل میڈیا پر محتاط رہیں، شارٹ کٹس سے بچیں

Todays Print

راولپنڈی (جنگ نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان داعش اور اس سے منسلک تنظیموں کا بڑا ہدف ہیں، نوجوان طلبہ سوشل میڈیا پر محتاط رہیں اور داعش کے فتنے سے دوررہیں۔ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا گزشتہ روز دورہ کیا اور آئی ایس پی آر میں انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔ طلبہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ طلبہ سوشل میڈیا کے ذریعے مخالفانہ بیانیے سے متعلق مکمل طور پر آگاہ رہیں، شارٹ کٹس سے بچیں ، خود پر اعتماد اور میرٹ اور حکمرانی پر یقین رکھیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہر پاکستانی ردالفساد کا سپاہی ہے،نوجوان نسل کی کامیابی کیلئے تین چیزیں بہت اہم ہیں ،اللہ پر ایمان ، والدین کی خدمت اور انتھک محنت ، ملک میں دیرپا امن کے قیام کیلئے ہر کسی کو اپنے حصے کام کرنا ہوگا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے بے پناہ ٹیلنٹ سے نوازا ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، نوجوان نسل میں ملک خوشحالی لانے اور امن قائم کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج محفوظ اور مستحکم پاکستان کیلئے پرعزم ہے، اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج نے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے پاک کرنے کیلئے گراں قدر کامیابیاں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر سمیت فاٹا کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ نے آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام 2017میں شرکت کی جو 11جولائی سے 17اگست 2017 تک جاری رہا۔  قبل ازیں جی ایچ کیو میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے اردن کے سفیر نواف خلیفہ نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور عسکری تعاون کے امور زیر غور آئے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولینڈ کی بری فوج کے سربراہ نے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال ، باہمی عسکری تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ پولینڈ کے وفد کو پاک آرمی کی آپریشنل اور تربیتی سر گرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔

پولش بریگیڈیئر جنرل نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوشش کو سراہا، پولش جنرل نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پولش جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تازہ ترین