• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان62,63کی دھمکیاں نہ دیں ان کی گردن بھی کٹ سکتی ہے ‘چانڈیو

حیدرآباد(بیورورپورٹ)پیپلزپارٹی کے رہنماء مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کو 62,63 کی دھمکیاں نہ دیں‘ 62,63 کی تلوار خود ان کی گردن بھی کاٹ سکتی ہے‘ میاں نواز شریف کا شو مک چکا ہے، وہ اب دوبارہ پاکستان کے وزیر اعظم نہیں بن سکیں گے۔ وہ حیدرآباد کے علاقے حالی روڈ میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے کارکنوں کی شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ابھی سفر کا آغاز کیا ہے‘ وہ پورے پاکستان میں گھومیں گے‘ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق آج کل بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں‘ خواجہ صاحب بلاول بھٹو کو تربیت کی ضرورت نہیں بلکہ اگر تربیت دلوانی ہے تو آپ اپنے سابق وزیر اعظم کو تربیت دلوائیں۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہمیشہ ایک مخصوص علاقے کے رہنماءثابت ہوئے، میاں نواز شریف کا شو مک چکا، سب کو چور کہنے والا آج خود پوری قوم کے سامنے چور کی حیثیت سے سامنے آگیا‘ نواز شریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا ‘ نواز شریف کو قدرت اور تکبر نے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اب دوبارہ پاکستان کے وزیر اعظم نہیں بن سکیں گے‘ میاں نواز شریف نے اپنے پورے خاندان کو ڈبو دیا لوگ تو اپنے بچوں کے لئے ڈھال بن جاتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے بچوں کا بھی مستقبل تاریک کردیا۔انہوں نے کہا کہ خود کو نوجوان لیڈر کہنا عمران خان کا سب سے بڑا جھوٹ ہے‘ جب میں کالج میں پڑھتا تھا تو اُس وقت عمران خان کرکٹ کھیلا کرتے تھے اگر اُن کی عمر کا حساب نکالا جائے تو سچ سامنے آجائے گا‘ اگر میں خود کو نوجوان لیڈر کہوں تو یہ مناسب نہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نوجوان قیادت ہیں اُن کے آنے کے بعد اب عمران خان نے کہنا شروع کردیا ہے کہ بلاول بھٹو بچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کو 62,63 کی دھمکیاں نہ دیں‘ 62,63 کی تلوار عمران خان کی گردن بھی کاٹ سکتی ہے‘ عمران خان کو قوم سے خطاب کے لئے تھوڑا انتظار کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا لہجہ سیاسی لیڈر کا لہجہ نہیں ہے‘ عمران خان اقتدار سے پہلے ہی تکبر میں آگئے ہیں‘ عمران خان وزیر اعظم بننے کے لئے اتنی جلدی ٹھیک نہیں‘ اس جلدی میں آپ خواتین کا احترام بھی نہیں کرتے اور اُن کی توہین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار خود کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ جب بھی اسلام آباد میں کوئی واقعہ رونماءہوا چوہدری نثار وہاں موجود نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریب عوام اور مزدوروں کی پارٹی ہے اور پاکستان کے تمام صوبوں کی جماعت ہے، بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی نفرتوں کی سیاست نہیں کرتی، پیپلزپارٹی نے کبھی عوام سے غداری نہیں کی، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے وفاق کو بچانے کے لئے تمام الزامات برداشت کئے، بے نظیر بھٹو کے قتل میں پرویز مشرف کو شریک سمجھتا ہوں، پرویز مشرف کو خود کو نجات دہندہ ثابت کرنا چاہ رہے ہیں، کیا نجات دہندہ بھاگ جایا کرتے ہیں، جو بھاگ گئے وہ پاکستان کے نجات دہندہ نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان سے تنگ نظری، اقربا پروری اور علاقائی سیاست کا خاتمہ کریں گے اور وہ پاکستان کو متحد رکھیں گے۔

تازہ ترین