• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس جیکسن سمندری طوفان کے متاثرین کی امداد کیلئے پورٹوریکو پہنچ گئیں

لاس اینجلس( جنگ ڈیسک) ماڈل اور آنجہانی کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن سمندری طوفان سے متاثرہ خاندان کی امداد کیلئے پورٹو ریکو پرواز کرگئیں۔ امریکی ٹی وی پرسنلٹی بیٹنی فرینکل جو قدرتی آفات سے متاثرہ جزیرے میں پہلے دن سے ہی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، کے ساتھ اب پیرس جیکسن بھی شامل ہوگئی ہیں۔ کالی ٹی شرٹ، ڈھیلی پینٹ ، سفید و سرخ کیپ اور آرام دہ جوتےپہنے پیرس جیکسن پورتو ریکو کے شہر آڈیلا میں آنے والے جہاز سے سامان اتارتی ہوئی نظر آئیں۔ ماڈل نے سمندر طوفان کے متاثرین میں تقسیم سے پہلے امدادی اشیاء ٹرک میں رکھنے میں بھی مدد کی۔ماڈل نے انسٹا گرام پر اپنی تصویر کو کیپشن دیا جس سے ان کی بچپن میں کتاب پڑھنے کی عادت کا اندازہ ہوتا ہے، انہوں نے لکھا کہ میں نے آج دوست بنائے اور باہمی فریکوئنسی کی روشنی کے ساتھ ہونا اچھا لگ رہا ہے، خوشی کا یہ احساس بہت حیرت انگیز ہے۔جینیفر لوپیز، جینیفر انسٹن اور چیلسا ہینڈلر نے طوفان سے متاثرین کی امداد کیلئے رقم عطیہ کی۔ان تین خواتین میں سے ہر ایک نے دس لاکھ ڈالر عطیہ کئے، جینیفر لوپیز نے پورتو ریکو کیلئے ستاروں سے بھرے امدادی کنسرٹ کے ذریعے 35 لاکھ ڈالر جمع کرنے میں بھی مدد کی۔دریں اثنا اداکارہ اسکارلیٹ جانسن نے بھی متاثرین کیلئے امدادی رقم اکٹھا کرنے کیلئے تقریب کے انعقاد کا اعلان کیا جس میں ان کی فلم مارول کے ساتھ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، کرس ایوانز اور مارک رفلو ان کا ساتھ ہوں گے۔کام کے حوالے سے پیرس جیکسن آخری بار جمی فیلون کے شو دی تو نائٹ شو میں نظر آئی تھی اور ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ 2017 میں بطور مہمان شرکت کی تھی۔
تازہ ترین