• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیں ہاتھ کا کمال سری لنکا بے حال، عثمان نے صفیں الٹ دیں، پاکستان پانچویں ون ڈے میں بھی سرخرو

  شارجہ (جنگ نیوز) ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان کے بائیں ہاتھ والے کھلاڑیوں نے کمال کردیا۔ پہلے عثمان خان شنواری نے تباہ کن بولنگ سے سری لنکن بیٹنگ کو بے حال کیا جبکہ 104 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لیفٹ ہینڈ اوپننگ جوڑی نے 84 رنز کا آغاز فراہم کرکے گرین شرٹس کو سیریز کلین سوئپ کرادیا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئن کے چیمپئنز نے سری لنکا کو سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ پاکستان نے 104 رنز کا ہدف 21ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ کیریئر کا دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے شاندار اسپیل کرتے ہوئےسری لنکن بیٹنگ کی صفیں الٹ دیں، انہوں نے اپنی ابتدائی 21 گیندوں پر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا ۔ حسن علی اور شاداب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک بیٹسمین رن آؤٹ ہوا۔سری لنکا 20رنز پر آدھی بیٹنگ لائن سے محروم ہوچکی تھی۔قبل ازیں مہمان ٹیم کے کپتان تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان کے ساتھ سمارا وکراما نے اننگز کا آغاز کیا۔عثمان شنواری نے ایک مرتبہ پھر مہمان ٹیم کو پہلے ہی اوور میں جھٹکا دیا اور سمارا وکراما اور نئے آنے والے دنیش چندیمل کو پویلین کی راہ دکھائی، دونوں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ جاری رہی اور ایک مرتبہ پھر انہوں نے لنکن کپتان اپل تھرنگا کو 8کے مجموعی اسکور کلین بولڈ اور فوری بعد ڈکویلا کو ایل بھی ڈبلیو کرکے میدان بدر کردیا۔ سری وردنے چھ رنز بنا کر بائونڈری لگانے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہو کر ان کا پانچواں شکار بنے۔ چھٹی وکٹ پر لہیرو تھریمانے اور سیکوگ پرسنانے کے درمیان 29 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔49 رنز پر دنیا کے نمبر ایک ون ڈے بولر حسن علی نے تھریمانے کو کپتان سرفراز کا کیچ بنادیا۔وہ 31 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنا سکے۔ پرسنا63 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ آٹھویں اور نویں وکٹ 85 کے مجموعے پر گریں۔ آخری کھلاڑی دمونتھا چمیرا کو حسن علی نے 11 رنز پر بولڈ کرکے آئی لینڈرز اننگز کی بساط 103 رنز پر لپیٹ دی۔ بولرز کے بعد پاکستانی اوپنرز نے بھی شاندار بیٹنگ کی ، فخرزمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنائے۔ فخر زمان صرف دو رنز کے فرق سے ففٹی نہ بنا سکے اور جیفری وینڈرسے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر کپتان نے فہیم اشرف کو بیٹنگ کیلیے بھیجا انہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر باقی ماندہ رنز حاصل کرکے گرین کیپس کو نو وکٹ سے سرخرو کردیا۔ امام الحق 45 اور فہیم اشرف 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔عثمان شنواری کو میچ جبکہ حسن علی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تازہ ترین