• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل اور سپین نے بھی فائنل فور میں جگہ بنالی

میڈرڈ (نیوز ڈیسک) سابق فیفا یوتھ چیمپئن برازیل اور سپین نے فیفا انڈر17ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس طرح بھارت میں جاری اس یوتھ ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ گزشتہ روز مالی نے گھانا کو اور انگلینڈ یو ایس اے کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں سپین نے ایران کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-1گول سے شکست دی اور برازیل نے سخت حریف جرمنی کو2-1گول سے آئوٹ کلاس کیا۔ 2روز آرام کے بعد بدھ25اکتوبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔ ایران اور سپین کے درمیان تیسرا کوارٹر فائنل دلچسپ اور ایشیا کی ٹیم ایران نے یورپین حریف کے خلاف سخت مزاحمت کی۔ سپین کی جانب سے کھیل کے13ویں منٹ پر ابل رئیس نے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اسی سکور پر ہاف ٹائم ہوا۔ 60ویں منٹ پر سپین کی جانب سے گرگیو گومز نے سکور ڈبل کردیا اور7منٹ بعد سپین کے فران نے ایک انفرادی گول سے اپنی ٹیم کو3-0گول سے برتری دلا دی۔ تاہم صرف2منٹ بعد ایران کے ایس سریمی نے ایک شاندار گول کرکے سکور3-1 کردیا۔ فاتح سپین کا سیمی فائنل میں افریقین چیمپئن مالی سے سامنا ہوگا۔ برازیل اور جرمنی کے درمیان میچ غیر متوقع طور پر جرمنی کے حق میں رہا۔ سیمی فائنل میں برازیل کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ دونوں سیمی فائنل 25اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل برازیل اور انگلینڈ کے درمیان گوہاٹی اور دوسرا سیمی فائنل مالی اور سپین کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین