• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے روکنے کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش ہوگا

Todays Print

 اسلام آباد (نمائندہ جنگ)قومی اسمبلی کے آج اجلاس میں نااہل شخص پارٹی سربراہ نہیں بن سکتا کے ترمیمی بل پر حکومت اور اپوزیشن جماعتیں پنجہ آزمائی کریں گی ، اپوزیشن سینٹ سے منظور کردہ نجی بل نااہل شخص پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا پیش کریگی ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اسمبلی میںاپوزیشن کے زیادہ سے زیادہ ممبران کی حاضری کو یقینی بنا نے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلا یا ہے ،

حکومت اور اس کی حلیف جماعتیں ترمیمی بل رکوانے جبکہ اپوزیشن جماعتیں پاس کرانیکی کوشش کریں گی ، دوسری جانب حکمران جماعت اور اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں بھی ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ اکثریت کے بل بوتے پر بل کو مسترد کیا جا سکے۔دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف نے ترمیمی بل کی قومی اسمبلی سے منظوری رکوانے کا ٹاسک سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو سونپ دیا ہے۔پیر کو نوازشریف نے سپیکر قومی اسمبلی کوٹیلی فونک پر ہدایت کی کہ نااہل شخص کو سیاسی پارٹی کا سربراہ بننے سے روکنے کابل آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش ہوگا لہٰذاکوشش کریں پارٹی کے تمام ارکان کے علاوہ حلیف جماعتوں کے ممبران بھی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں، واضح رہے کہ پیپلزپارٹی سیدنوید قمر نے گزشتہ اجلاس ملتوی ہونےپر دھمکی دی تھی کہ سینٹ سے منظور ہونے والے ترمیمی بل کو قومی اسمبلی میں پیش نہ ہونے دیا گیا تو وہ استعفے دے دیں گے۔

سیاسی حلقے آج کے اجلاس کو بہت اہمیت دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی سربراہ کی حیثیت سے یہ اجلاس اہم ہوگا بلکہ اجلاس میں ترمیمی بل منظور نہ ہونے کی صورت میں واضح ہوجائے گا کہ مسلم لیگ کے ارکان قومی اسمبلی اپنی پارٹی قیاد ت کے ساتھ ہیں اور ترمیمی بل منظور ہونے کی صورت میں حکمران جماعت میں دارڑیں واضح ہوجائیں گی۔سیاسی حلقوں کاکہناہے کہ اجلاس میں حاضری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی حکومت کے مستقبل کے بارے میں بھی تعین کرے گی۔ 

تازہ ترین