• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈار کی درخواست، چھٹی منظور، طبیعت خراب ہے،کچھ عرصے کیلئے ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہوں، شاہد عباسی کو خط

Todays Print

لندن‘اسلام آباد(مرتضی علی شاہ‘ایجنسیاں)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بدھ کو وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی چھٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا ہے۔اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو20نومبر کو خط لکھا تھا جس میں اپنے علاج کے لیے چھٹی کی درخواست کی تھی۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے گزشتہ شب دو نوٹیفیکیشن جاری ہوئے۔ ایک نوٹیفکیشن اسحاق ڈار کی تین ماہ کی چھٹی کی منظوری کے حوالے سے ہے اور دوسرا نوٹیفکیشن اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے کا ہے۔اطلاعات کے مطابق اسحاق ڈار کی چھٹیوں کے دوران وزیر خزانہ کا قلمدان وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس ہو گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تین ماہ کے دوران اسحاق ڈار واپس آ کر اپنی وزارت کا چارج دوبارہ سنبھال سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو خط لکھنے سے پہلے پارٹی صدر نوازشریف کو اعتماد میں لیا ۔ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کو لکھے گئے خط میں اسحاق ڈارنے درخواست کی ہے کہ ان کی طبیعت خراب ہے اس لئے وہ کچھ عرصے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصرہیں ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسحاق ڈار کی تین ماہ کی رخصت منظورکرلی ہے جس کے بعدان سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیاگیاہے‘اس دوران وفاقی وزیر کا عہدہ اسحاق ڈارکےپاس رہےگا قواعدکےتحت اسحاق ڈار3ماہ سےقبل آکرذمہ داریاں سنبھال سکتےہیں‘تین ماہ تک ذمے داریاں نہ سنبھالیں تو اسحاق ڈا رو فاقی وزیرنہیں رہیں گے۔ذرائع کے مطابق رواں ہفتے وزیر مملکت یامشیرخزانہ کی تعیناتی کاامکان ہے ‘اس دوران وزیر خزانہ کاقلمدان وزیراعظم کےپاس رہےگا۔ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے اسحاق ڈار کو مشورہ دیا ہے کہ وہ طبیعت کی بہتری تک سفر نہیں کرسکتے۔لندن سے نمائندہ جنگ کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں ریلیف دینے کے لئے درخواست ارسال کی ہے، اس خط میں وزیر اعظم ہائوس سے درخواست کی گئی ہے کہ انہیں ان کی صحت کی وجہ سے چھٹی دے دی جائے، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار ایک ماہ قبل لندن آئے تھے اور وہ ہارلے اسٹریٹ ہسپتال میں علاج کروا رہے ہیں، وہ ہفتے میں تین بار کلینک جاتے ہیں، انہوں نے اسپتال میں ایک ہفتہ بھی گزارا ہے، اسحٰق ڈار نے خط میں لکھا کہ وہ چار برسوں سے تین ڈویژنز کی دیکھ بھال کررہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ انہیں اب فرائض کی ادائیگی میں ریلیف دیا جائے۔

جیو نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ ڈار نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے بھی بات کی اور وزیر اعظم کو خط لکھنے سے قبل انہیں اعتماد میں لیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ نواز شریف نے انہیں مشورہ دیا کہ موجودہ حالات میں یہ بہتر ہے کہ ملک کے اقتصادی امور اقتصادی ماہر ین پر مشتمل ایڈوائزری کمیٹی کے ذریعے وزیر اعظم چلائیں۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم سمری لیٹر منظور کرلیں گے اور اسحٰق ڈار کو فرائض سے باقاعدہ ریلیف دینے کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین