• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر 49ارب روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی کرچکا،نذیر شورو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)چیف کمشنر ا ن لینڈ ریونیو آر ٹی او 3کراچی نذیر احمد شورو نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لیے سیاسی عزم کی ضرورت ہے،ایف بی آر 49ارب روپے کے ریفنڈز کی ادئیگی کرچکا ہے، ٹیکس دہندگان اس بات کا استحقاق رکھتے ہیں کہ انھیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں، ایمنیسٹی اسکیمز ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال نہ کرواسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر اور ٹیکسیشن راشد احمد صدیقی، مسعود نقی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سب سے زیادہ ٹیکس دیتی ہے، اس کے باوجود ہمیں ہراساں کیا جاتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملکی خزانے میں ٹیکس جمع کروانے والے اور روزگار فراہم کرنے والوں کو احترام دیا جائے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر اور ٹیکسیشن راشد احمد صدیقی نے کہا کہ کئی برسوں سے 400 ارب روپے کے ریفنڈ ادا کرنے کے حکومتی وعدے پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سرمایہ باہر جانے کی صرف دو وجوہ رہیں ان میں سے امن وامان کی صورت حال پر قابو پالیا گیا لیکن ٹیکس نظام میں جس طرح سرمایہ کار کو ہراساں کیا جاتا ہے، اس کی وجہ سے بھی صنعت میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو ہراساں کرنے اور چھاپے مارنے کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔ اس موقع پر زبیر چھایا، مسعود نقی اور دیگر نے بھی ٹیکس نظام سے متعلق صنعت کاروں کی شکایات اور ازالے کے تجاویز پر اظہار خیال کیا۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نذیر احمد شورو کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے بعض اقدامات کا انحصار قانون سازی پر ہے، جس کے لیے سیاسی قیادت ہی کو فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر سب سے زیادہ تنقید کا سامنا کرنے والا حکومتی ادارہ ہے، لیکن ہم اپنی پوری استعداد کے ساتھ اپنا کام کررہے ہیں۔ اجلاس میں آر ٹی او تھری کے مختلف زونز کے کمشنرز ساجد نذیر ملک ، اعجاز احمد خان، آفاق احمد قریشی ، طارق مصطفی خان، شہر بانو اور تاجر و صنعت کاروں نے شرکت کی۔
تازہ ترین