• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

القدس اسرائیل کا دارالحکومت، سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

اسلام آباد(صباح نیوز، آئی این پی) سینیٹ آف پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کےاعلان کیخلاف مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظوری کرلی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس معاملہ کا نوٹس لے اور اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔ارکان سینیٹ نے امریکی صدر کے اقدام کیخلاف اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ تک ارکان پارلیمنٹ کے مارچ اور سفارتخانے کے سامنے احتجاج کی تجویز دیدی۔ پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں اس مسئلہ پر تقاریر کے دوران امریکی سفیر کو وزیٹر گیلری میں بلوانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ سینیٹرز کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا اعلان عالم اسلام کی قیادت کا امتحان ہے پاکستان فلسطین کی آزادی پر سمجھوتانہ کرے۔پیر کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے حکومتی جماعت کے رہنما سینیٹر سعود مجید نے کہا کہ امریکی بھی ٹرمپ کی وجہ سے پریشان ہیں اسرائیل کا سپریم کورٹ، پارلیمینٹ ، اسرائیلی صدر ، وزیر اعظم کی رہائش گاہیں وزارتوں کے دفاتر پہلے ہی یروشلم منتقل ہو چکے ہیں ہماری آنکھیں امریکی سفارتخانے کی منتقلی سے کھلی ہے، عرب ممالک میں ہمیں کبھی اسرائیل کی دشمنی نظر نہیں آتی، عرب ممالک میں اپنی کٹھ پتلیاں بٹھا رکھی ہیں، سودا گرو ں کی طرح آتے ہیں اور 100-100 ارب ڈالر کے دفاعی سودے کر کے چلے جاتے ہیں، داعش امریکی اسلحہ استعمال کر رہی ہے، امریکا سے کیسے تخریب کار پوشیدہ رہ سکتے ہیں، امریکا کے اعلان سے مزید دہشت گرد پیدا ہوں گے اور دہشت گردی مزید بڑھ جائے گی، تقاریر جذبات کے اظہار کے لیے ہوتی ہیں نتیجہ ایک قرارداد ہو گی، اس سے بڑی بڑی اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں قراردادوں سے بڑھ کر اقدام اٹھایا جائے۔ امریکی سفارتخانہ تک مارچ کیا جائے۔
تازہ ترین