• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں 17لاکھ ملازمین پنشن، اولڈ ایج گرانٹ سے محروم

اسلام آباد(فخردرانی) پنجاب رائٹ ٹو انفارمیشن لاء کے ذریعے حاصل ہونے والےاعدادوشمار میں انکشاف ہواہے کہ پنجاب میں 17لاکھ سےزائد ملازمین پنشن اور اولڈ ایج گرانٹ سے محروم ہیں کیونکہ انھیں کسی قسم کی سوشل سکیورٹی کی سہولت حاصل نہیں ہے۔ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن(پی ای ایس ایس آئی) سے پنجاب ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت حاصل ہونےوالےسرکاری ڈیٹا میں انکشاف ہواہے کہ پنجاب کے 20 میں سے سات ریجنز میں 26لاکھ سے زائد ملازمین اس ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ تاہم 26لاکھ میں 17لاکھ سوشل سکیورٹی سے محروم ہیں۔ پی ای ایس ایس آئی کے ڈیٹا کے مطابق سوشل سکیورٹی تحفظ رکھنے والےملازمین کی سب سے کم تعداد لاہور(گلبرگ ریجن ) سے تعلق رکھتی ہے۔ پی ای ایس ایس آئی کے ساتھ رجسٹرڈ اس ریجن کے کل78479 ملازمین میں سےصرف 7107 (%9) سوشل سکیورٹی کی سہولت رکھتے ہیں جبکہ باقی 71372 کے پاس کوئی سوشل سکیورٹی سہولت نہیں ہے۔ لاہور میں پانچ ریجنز ہیں اور ان میں سے تین نے رجسٹرڈ ملازمین کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔ سوشل سکیورٹی کا تحفظ رکھنے والے ملازمین کی دوسری کم ترین تعداد کا تعلق بہاولپور ریجن سےہے۔ بہاولپور ریجن کے سرکاری ڈیٹا کے مطابق کل 25398 ملازمین میں سے صرف 4939(.44) کو سوشل سکیورٹی کا تحفظ حاصل ہے۔ اسی طرح شیخوپورہ ریجن میں کل 36255ملازمین پی ای ایس ایس آئی کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں تاہم صرف 13576 ملازمین کوسوشل سکیورٹی حاصل ہے اور باقی 22679 کے پاس کوئی سوشل سکیورٹی تحفظ نہیں ہے۔ گجرات ریجن سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق کل 18295 ملازمین میں سے8337 (E.56) کو سوشل سکورٹی حاصل ہے جبکہ باقی 9958 ملازمین کے پاس کوئی سوشل سکیورٹی نہیں ہے۔ 24 اپریل 2017 کو ایک شہری رضاعلی نے صوبہ پنجاب کے تمام 20 ریجنز میں صوبے کے کل ملازمین کی تعداد اور سوشل سکیورٹی رکھنے والے ملازمین کی مصدقہ اطلاعات حاصل کرنےکیلئے آرٹی آئی درخواست جمع کرائی۔ تاہم نو ماہ گزرنے کے بعد صرف سات ریجنز نے مطلوبہ معلومات فراہم کی ہیں جبکہ باقی تیرہ ریجنز نے تاحال معلومات فراہم نہیں کیں۔ آئین کے آرٹیکل 38 کے مطابق حکومت نے پاکستان میں پرائیویٹ ملازمین کیلئے سوشل سکیورٹی انشورنس اسکیم شروع کی تھی۔ اس اسکیم کے تحت ملازمین کو چار اقسام کے فوائد دیئے جاتے ہیں جن میں اولڈ ایج پنشن (یاکم پنشن)، پسماندگان کیلئے پنشن، معذور کیلئے پنشن اور اولڈ ایج گرانٹ( اگر پنشن کیلئے نااہل ہے) شامل ہے۔ یہاں یہ ذکرکرنا ضروری ہے کہ حکومتِ پاکستان نے ایمپلائز اولڈ ایج پنشن آرڈیننس 1972 میں منظورکیاتھا۔ تاہم اسے کبھی نافذ نہیں کیاگیا۔ بعد میں 1976میں اِسے پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ سے تبدیل کردیاگیا جو ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ ایکٹ 1976 کہلاتاہے۔
تازہ ترین