• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینٹورپن میں عظیم الشان جلوس میلادالنبیؐ اور کانفرنس کا انعقاد، کمیونٹی کی بھر پور شرکت

اینٹورپن(عظیم ڈار) جامع مسجد نورالحرم اینٹورپن کے زیر اہتمام سالانہ جلوس عید میلادالنبی صلی الله علیہ وآلہ وسلم اور میلاد مصطفی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس کی قیادت اور خصوصی خطاب کے لیے پاکستان سے مشہور روحانی و علمی شخصیت پیر طریقت ، رہبر شریعت ، علامہ پیر سید محمد یوسف بخاری تشریف لائے ۔ برسلز سے ان کے فرزند ارجمند مشہور مذہبی اسکالر علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری بھی اس عظیم الشان جلوس و کانفرنس میں شریک ہوئے۔جامع ہذا کے امام و خطیب علامہ محمد عبداللطيف چشتی اور أمام علامہ شہباز فہیم نقشبندی کی زیرسرپرستی اس عظیم الشان جلوس و جلسہ کا انتظام کیا گیا ۔سخت سردی اور برفباری کے باوجود عاشقان رسولؐ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جلوس کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ جن پر رحمت دوعالم نبی مکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد پر مرحبا مرحبا یارسول اللہ اور اللہ اکبر کے نعرے درج تھے۔ اینٹورپن کے مقامی افراد اور دیگر کمیونٹیز کے لوگوں نے جلوس کو کھڑے ہوکر نہ صرف دیکھا بلکہ اپنے موبائیل فونز کے ذریعے ویڈیو کلپس اور سیلفیاں بھی بنا ئیں۔جلوس اینٹورپن کی مختلف شاہراؤں سے ہوتا ہوا مسجد نور الحرم پر اختتام پذیر ہوا۔ اینٹورپن کے کوچہ و بازار صل علیٰ کے ترانوں اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح سرائی سے گونج اٹھے۔جلوس میں بلجیم بھر کے علماء کرام دینی مذہبی رفاعی اور سیاسی، سماجی و مذہبی حلقوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔جلوس کے اختتام پر دعا کے بعد تمام شرکاء مسجد نور الحرم پہنچے اور عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس میں شریک ہوئے ۔کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ پیر سید محمد یوسف بخاری نے سرکار دوعالم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی شان پر روح پرور اور ایمان افروز گفتگو فرمائی اور مسجد میں شریک نوجوانوں اور بچوں کو اسلامی تعلیمات کے حصول کے لیے دلچسپی پر زور دیا۔ اور کہا کہ ہماری نئی نسل یورپ میں جہاں دوسری سرگرمیوں کو سرانجام دے وہیں دین اسلام کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے کے لئے بھی کام کرے۔ انھوں نے اتحاد بین المسلمین اور اخوت بھائی چارے اور یگانگت کی فضا کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور رسول اللہ کی تعلیمات کو پوری انسانیت کی فلاح کے لیے سنگ میل قرار دیا انھوں نے جلوس اور مسجد انتظامیہ سمیت تمام منتظمین کو جلوس مصطفیؐ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔ علامہ پیر سید یوسف بخاری نے کہا کہ دیارغیر میں دین اسلام کا علم بلند کرنے اور دینی درسگاہیں قائم کرکے نئی نسل کی آبیاری کرنا اور دین کی سربلندی کے لیے کاوشیں کرنا بلاشبہ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے مترادف ہے۔آخر میں انھوں نے درودوسلام کے بعد امت مسلمہ بالخصوص فلسطین ، کشمیر اور دیگر مسلمان ممالک اور پاکستان کی سربلندی کے لیے دعاکی۔
تازہ ترین