• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا آڈٹ کرانے اور متنازع لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے،اقبال محمد علی

کراچی (عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی اسمبلی کے رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے رکن اقبال محمد علی نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو دو خطوط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا آڈٹ کرانے اور متنازع ٹی ٹین لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نےپاکستان کرکٹ بورڈ کے سر پرست اعلی سے کہا ہے کہ بورڈ میں ہونے والی بدانتظامیوں پر چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف تحقیقات کرائیں۔اگر انہیں بیان بازی کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ کرکٹ بورڈ چھوڑ کر سیاست میں آجائیں۔میں چھ ماہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے سوالات پوچھ رہا ہوں لیکن مجھے اپنے سوالات کا جواب نہیں مل رہا ہے۔جمعرات کو نمائندہ جنگ کو اقبال محمد علی نے ان خطوط کی کاپیاں دیں جو انہوں نے وزیر اعظم کو تحریر کیں ہیں۔ان خطوط میں اقبال محمد علی نے کہا کہ میں پہلے بھی خط تحریر کرچکا ہوں لیکن اس پر کارروائی نہیں ہوئی۔نجم سیٹھی میڈیا میں آکر بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم نےدونوں پی ایس ایل کا آڈٹ کرادیا ہے۔لیکن میری درخواست پر کارروائی نہ ہوسکی۔انہوں نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے پاکستان سپر لیگ کا خصوصی آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔اقبال محمد علی نے کہا کہ میں نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے کہا ہے کہ مجھے میرے سوالات کا جواب چاہیے۔پی سی بی کی خاموشی سے خدشات جنم لے رہے ہیں۔اقبال محمد علی نے کہا کہ ٹی ٹین میں پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی کا اجراء ایک سازش ہے۔یہ لیگ آئی سی سی سے منظور شدہ نہیں ہے اس لیگ میں بھارتیوں کا عمل دخل کئی خدشات کو جنم دیتا ہے۔بھارت پاکستان کے ساتھ کرکٹ ،ہاکی اور کبڈی میں کھیلنے سے انکار کرچکا ہے۔اب اچانک بھارتی مالکان کی فرنچائز وں کے لئے پاکستانی کرکٹرز کو اجازت دینا مضحکہ خیز ہے۔اقبالمحمد علی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کتنی آمدنی ہوئی۔پانچ فرنچائزوں پر کتنے اخراجات آئے۔بورڈ نے کتنے صحافیوں،ارکان پارلیمنٹ اور دیگر شخصیات کو ٹورنامنٹ میں مہان کی حیثیت سے مدعو کیا اس کی تفصیلات سے قومی اسمبلی کا آگاہ کیا جائے۔اقبال محمد علی نے کہا کہ نجم سیٹھی نے اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کرکٹ کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔انہیں فورا اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔
تازہ ترین