• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج ،تیزی کا رجحان برقرار،100انڈیکس 43ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی کاروبار حصص میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 400 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس ایک بار پھر 43 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا جبکہ مارکیٹ سرمائے میں 73 ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ہواجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 89 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز کی جانب سے مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری اور کیمیکل ،توانائی ،بینکنگ ،سیمنٹ اور اسٹیل سیکٹرز میں حصص کی خریداری کے باعث پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی اور ٹریڈنگ کے دوران 100انڈیکس 43000 ، 43100 ،43200 اور 43300 پوائنٹس کی 4 بالائی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا ۔شیئرز مارکیٹ میں بدھ کے روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 419.29 پوائنٹس بڑھ کر 43358.97 پوائنٹس پر جا پہنچا ۔ 30 انڈیکس 230.22 پوائنٹس بڑھ کر 21983.50 پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 264.44 پوائنٹس کے اضافے سے 31111.78 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 768.07 پوائنٹس اضافے کے بعد 73283.21 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مارکیٹ میں بدھ کے دن مجموعی طور پر 386 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 256 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 110 میں کمی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔بدھ کو 15 کروڑ 13 لاکھ 37 ہزار 730 حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو 16 کروڑ 8 لاکھ 83 ہزار 230 شیئرز کا کاروبار ہوا تھا ۔کاروباری میں جاری رہنے والی تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73 ارب 70 کروڑ 44 لاکھ 19 ہزار 788 روپے بڑھ کر 89 کھرب 54ا رب 18 کروڑ 82 لاکھ 86 ہزار 842 روپے ہو گیا ۔کاروبار کے لحاظ سے پیس پاک لمیٹڈ ایک کروڑ 9 لاکھ ،ازگارڈنائن ایک کروڑ 3 لاکھ ،لوٹے کیمیکل 68 لاکھ 3 ہزار ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 64 لاکھ 57 ہزار ،فیصل بینک 61 لاکھ 68 ہزار اور فوجی سیمنٹ 55 لاکھ 32 ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔ قیمتوں کے اعتبار سے نیلسے پاکستا ن کے حصص کی قیمت 299.98 روپے کے اضافے سے 10800روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت 120 روپے کے اضافے سے 2520 روپے ہو گئی جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ اور یونائیٹڈ برانڈزکے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب 78.55 روپے اور 14.80 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 1764.84 روپے جبکہ یونائیٹڈ برانڈز کے حصص کی قیمت 555 روپے پر آگئی ۔
تازہ ترین