• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلا وطن آصف ہاشمی پاکستان آکر عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )متروکہ وقف املاک بورڈ کے خود ساختہ جلا وطن چیئرمین آصف ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ ایپکس عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے پاکستانی پاسپورٹ کے بہانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں ہے،مجھے پاسپورٹ نہیں دیا جارہا،انہوں نے کہا کہ میں پاکستان آکر عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہوں اور میرے ہاتھ صاف ہیں میں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔دبئی سے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے آصف ہاشمی کا براہ راست گفتگو میں کہنا تھا کہ میری بارہا درخواست کیے جانے کے باوجود بھی مجھے پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا۔حال ہی میں متروکہ وقف املاک بورڈ سے متعلق سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں وفاقی حکومت کو ہدایات کی گئیں کہ ہاشمی کو 15 روز میں عدالت میں پیش کرنے کیلئے ایک میکنزم بنالیا جائے ۔نیب اور ایف آئی اے میں کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے آصف ہاشمی 4 سال سے زائد عرصے سے جلا وطن ہیں،ابتدا میں وہ لندن میں رہے لیکن پھر دبئی منتقل ہو گئے،اس سے متعلق انٹر پول نے 8 دسمبر 2017 کو ایک لیٹر کے ذریعے آصف ہاشمی سے رابطہ کرکے اطلاع دی تھی کہ وہ اب مزید انہیں مطلوب نہیں ہیں۔آصف ہاشمی نے چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار سے ایک حکمنامہ جاری کرنے کی اپیل کی کہ انہیں واپس آنے دیا جائے کیونکہ کچھ عناصر ان سے متعلق عدالت کو گمراہ کررہے ہیں۔میں نے سفارتخانے کے کئی چکر لگائے لیکن مجھے بتایا گیا کہ نام ای سی ایل میں ہے اور اس لیے پاسپورٹ کا اجرا نہیں کیا جاسکتا ۔
تازہ ترین