• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے آئی ایچ ڈی کی بہتری کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں، میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (کے آئی ایچ ڈی) کو ایک اچھا اور معیاری اسپتال بنانے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں، ادویات اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہر کے مخیرحضرات سے درخواست کی جائے کہ وہ مریضوں کی مدد کیلئے اسپتال کی انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ غریب مریضوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کی گورننگ باڈی کے 13 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔میئر کراچی نے کہا کہ اسپتال کی ایمرجنسی میں آنیوالے تمام مریضوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے فوری طبی امداد فراہم کی جائے تاکہ امراض قلب میں مبتلا افراد کی زندگی کو خطرات لاحق نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو ٹیچنگ اسپتال کے طور پر کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے منسلک رکھا جائے اور وہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کو ہائوس جاب میں ترجیح دی جائے، پروفیسرز، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی کو فی الفور دور کیا جائے۔میئر کراچی نے گورننگ باڈی کے ممبران سے درخواست کی کہ وہ اسپتال کی بہتری اور مالی حالت کو بہتر کیلئے تجاویز دیں تاکہ یہ اسپتال کراچی کے بہترین اسپتال کے طور پر دیکھا جاسکے۔اجلاس کے بعد میئر کراچی نے اس موقع پر اسپتال کے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹر اور ایڈمنسٹریشن بلاک کا بھی دورہ کیا اور وارڈز میں داخل مریضوں سے ملاقات کر کے ان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اسپتال میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں۔
تازہ ترین