• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادرا میں من پسندکمپنیوں کو کروڑوں کے ٹھیکے دینےکا انکشاف

Todays Print

اسلام آباد (اعزازسید) نادرا میں من پسند کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے ٹھیکے دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ نادرا بلوچستان کے سربراہ کرنل (ر) طلحہ پر الزام ہے کہ انہوں نے قوانین کو بالائے طاق رکھ کر بعض کمپنیوں کو نوازا۔ ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ ڈی جی نادرا بلوچستان اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہیں۔ ذرائع نے جیو نیوز/ دی نیوز کو بتایا ہے کہ ان دنوں ڈی جی نادرا بلوچستان کرنل (ر) طلحہ پر قانون کو بالائے طاق رکھ کر من پسند کمپنیوں کو مبینہ طور پر کروڑوں روپوں مالیت کے ٹھیکے دینے کے سنگین الزامات کی زد میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پر پیپرا قوانین اور طے کردہ طریقہ کار کو بالائے طاق رکھ کر یہ ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دینے کا الزام ہے۔ ان میں ایسا کام کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے جس میں جب ٹینڈر اعلان کیا گیا اس وقت تک متعلقہ کمپنی ایک ٹھیکے پر کام مکمل کر چکی تھی ۔ اس حوالے سے ڈی جی نادرا بلوچستان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی تردید کی تاہم کہا کہ وہ خود نادرا چیئرمین کے عہدے کے امیدوار تھے شاید اس لئے انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے اس بارے اپنے خلاف تحقیقات کیلئے کسی کمیٹی کے قیام کی تردید بھی کی تاہم جب اس بارے میں ترجمان نادرا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جیو نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت داخلہ ایک خط کے ذریعے یہ معاملہ نادرا کے نوٹس میں لائی تھی جس کے بعد معاملے کی تحقیق کیلئے 3؍ سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی جو اپنا کام کر رہی ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خلاف ضابطہ کارروائی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین