• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا نظام شفاف نہیں، گٹر لائنیں اور سڑکیں خستہ حال ہیں، فردوس شمیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ جس طرح ماضی میں ایک پارک کا سودا ہوا تھا، اب سفاری پارک کے سلسلے میں بھی اسی قسم کی بات چیت ہو رہی ہے، حکومت کا نظام شفاف نہیں ، گٹر لائنیں اور سڑکیں خستہ حال ہیں میئر کراچی بدنام ہوچکے ہیں کیونکہ ان کا اصول ’’کچھ نہ کرنا‘‘ ہے۔ سفاری پارک کی زمین بہت بڑی ہے اور کے ایم سی کو اس کے اوپر ناکافی رقم ملے گی، انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کراچی میں کوئی تھیم پارک بننا ہے تو اس کے لیے بے تحاشا زمین موجود ہے،پہلے سے موجود تفریحی مقام کسی اور کو دے کر اس کا ٹکٹ دس روپے سے سو روپے کرنا کراچی کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ اربوں روپے کی زمین کی کل آمدنی کا صرف تین فیصد وصول کرنا کافی معنی خیز ہے۔ سفاری پارک میں رہائشی گھر کی قیمت تیس ہزار روپے اور کمرشل جائیداد کی قیمت تین لاکھ روپے فی گز سے کم نہیں۔ ڈھائی سو ایکڑ زمین کو ایک لاکھ روپے کے حساب سے بھی فروخت کیا جائے تو اس کے مقابلے میں ملنے والا سرمایہ فضول دکھائی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گٹر لائنیں اور سڑکیں خستہ حال ہیں اوریہ علاقہ کچی آبادی دکھائی دیتا ہے۔ اورنگی میں 40لاکھ سے زائد لوگ رہتے ہیں وہاں کے دو راستے ہیں۔ اس کی بڑی اتصالی سڑک میں 40گز بھی مکمل نہیں۔ روڈ میں گڑھے پڑ چکے ہیں اور گزشتہ پانچ سال سے یہی حال ہے۔ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ڈسٹرکٹ ویسٹ کی سڑک پر احتجاج شروع کریں گے تاکہ حکومت وقت بشمول کراچی کی بلدیاتی حکومت کی توجہ ان سڑکوں کی طرف دلائی جائے۔
تازہ ترین