• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئیسکو کا ایک اور اہلکار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ، واقعہ چھپانے کی کوشش

اسلام آباد ( ناصر چشتی خصوصی نمائندہ) آئیسکو کا ایک اور اہلکار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ دھمیال سب ڈویژن کا لائن مین عابد علی شاہ خالد کالونی میں ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا ، مرحوم کے پسماندگان میں بیٹا، 4 بیٹیاں اور بیوہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لائن مین حفاظتی انتظامات کے باوجود کرنٹ لگنے سے حادثہ کا شکار ہوا۔ یہ واقعہ دو دن پہلے پیش آیا اور اس کو چھپانے کی کوشش کی گئی ،اس دوران یونین والوں نے شور مچایا نہ ہی افسران نے۔ مرحوم بنوں کا رہائشی تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات ڈپٹی ڈائریکٹر سکیورٹی کر رہے ہیں تحقیقات مکمل ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو تحقیقات کے بعد یا غیر ذمہ داری پر معطل کیا جاتا ہے تو وہ فوراً عدالتوں سے حکم امتناعی لے آتے ہیں۔ آئیسکو کا لیگل شعبہ ان معاملات میں انتہائی سست روی کا مظاہرہ کرتا ہے اور کیسز کی صحیح طریقے سے پیروی نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے یہ حکم امتناعی سالوں چلتا ہے۔ اس وقت بھی دو ایکسئین حکم امتناعی پر ہیں جبکہ کئی یونین کے عہدیدار بھی اپنے خلاف احکامات پر حکم امتناع پر ہیں ۔
تازہ ترین