• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوکاز کے بعد ایگزیکٹ ٹی وی کا لائسنس منسوخ کیا ، پیمرا کو سنے بغیر حکم امتناع دیا گیا ، واپس لیا جائے ، وکیل پیمرا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ایگزیکٹ کے ٹی وی کے لائسنس منسوخی کے خلاف درخواست گزار کے وکلا کی غیر حاضری پر ناراضی کا اظہارکرتے ہوئےکہا ہے کہ تین بار مہلت دے چکے،آئندہ سماعت پر اگر نہ آئے تو قانونی کارروائی کرتے ہوئے درخواست مسترد کرسکتے ہیں۔بدھ کو سماعت کے موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین اور وکیل پیمرا بیرسٹر زاہد ابراہیم پیش ہوئےجبکہ انور منصور خان کی جانب سےجونیئروکیل پیش ہوئےاور عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ سینئر وکیل انورمنصورخان اور شہاب سرکی ایڈووکیٹس اسلام آباد میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے حاضر نہیں ہوسکے،وکلا کی مسلسل غیر حاضریوں پر جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ناراضی ظاہرکرتےہوئے ریماکس میں کہا کہ آئندہ سماعت پر اگر ایگزیکٹ کے ٹی وی کے وکلاء پیش نہ ہوئے تو عدالت حکم جاری کردے گی، عدالت چاہتی ہے کہ درخواست گزارکے وکلا اپنے دلائل پیش کریں لیکن وہ مسلسل غیر حاضرہیں۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی نےسخت تنبیہ کی کہ آئندہ درخواست گزار کے وکلا 28 فروری کو بہرصورت پیش ہوں بصورت دیگر عدم پیروی پر ایگزیکٹ کے ٹی وی کے لائسنس منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے مسترد بھی کیا جاسکتا ہے۔ عدالت عالیہ نے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔ پیمرا کے وکیل نے کہاکہ حکم امتناع جاری ہونے سے قبل پیمرا کو بھی نہیں سنا گیا حالانکہ ہمارے موقف کو سننا بہت ضروری تھا۔ پیمرا کے پاس ایگزیکٹ کے ٹی وی کا لائسنس منسوخی کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔ پیمرا کے وکیل نے فاضل بینچ کو آگاہ کیا کہ ہم نے شو کاز نوٹس کے بعد ایگزیکٹ کے ٹی وی کا لائسنس منسوخ کیا لہذا پیمرا کی جانب سے عدالت عالیہ سے استدعاہےکہ پیمرا کو سنے بغیر جاری ہونےوالا حکم امتناع واپس لیاجائے۔
تازہ ترین