• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصروف شاہراہوں پر قائم غیر قانونی بس اڈے ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے یوسف گوٹھ بس ٹرمنل ا ور سپر ہائی وے الآصف اسکوائر بس ٹرمنل پر مسافروں اور بس آپریٹرز کے لئے سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ انٹر سٹی بسوں کے لئے ملیر میں بھی بس ٹرمنل بنایا جائے گا، اس سلسلےمیں منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور عملد رآمد کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جا رہے ہیں،یوسف گوٹھ اور الآصف اسکوائر بس ٹرمنلز پر مسافروں کی سہولت کیلئے شہر کے مختلف مقامات سے شٹل سروس بھی شروع کی جائے گی، انٹرسٹی بس ٹرمنلز کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے کمشنر کراچی کے دفتر میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید نا صر حسین شاہ کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی ، صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی پولیس ٹریفک اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اندر مصروف شاہراہوں پر قائم غیر قانونی بس اڈوں کو ختم کیا جائے گا،یوسف گوٹھ بس ٹرمنل اور سپر ہائی وے الآ آصف اسکوائر پر نجی شعبے کے تعاون سے قائم بس ٹرمنل کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا اور ٹرمنل پر مسافروں اور آپریٹرز کے لئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، کمشنر کراچی خود متعلقہ افسران کے ساتھ وہاں جاکر جائزہ لیں گے اور اقدامات کریں گے،بعد ازاں کمشنر کراچی نے دیگر افسران کے ساتھ یوسف گوٹھ اور الآصف اسکوائر بس ٹرمنل کا دورہ بھی کیا۔
تازہ ترین