• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کی نااہلی،بدعنوانی اورتعصب ہر عمل سے نظر آرہا ہے،فیصل سبزواری

پی پی  کی نااہلی،بدعنوانی اورتعصب ہر عمل سے نظر آرہا ہے،فیصل سبزواری

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایم کیوایم پاکستان(بہادرآباد)کے رہنماءو رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی نااہلی‘بدعنوانی اورتعصبانہ پالیسی ہر عمل سے نظر آرہی ہے ‘وزیر اعلیٰ کاتعلق پیپلزپارٹی سے ہے ‘انہیں صوبے میں کام کرنے سے کون روک رہاہے ‘شہری آبادی کو ایم کیوایم کو ووٹ دینے کی سزادی جارہی ہے ‘کارکنوں کا کہناہے حالات کیسے بھی ہوں ‘ووٹ صرف اورصرف پتنگ اور ایم کیوایم کا ہے‘ ریاست اور اسٹیبلشمنٹ کا کردار ماں جیسا ہوناچاہئے ۔وہ حیدرآبادپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر مسعود محمود سندھ تنظیمی کمیٹی انچارج‘ اراکن اسلم بھٹو و صلاح الدین‘ڈسٹرکٹ آرگنائزر حیدرآباد ظفراحمد صدیقی بھی موجودتھے۔فیصل سبزواری کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت شہری علاقوں کے ساتھ تعصب کا مظاہرہ کررہی ہے‘ پیپلزپارٹی کی حکومت نااہل اور بدعنوان ہونے کے ساتھ متعصب بھی ہے اور عصبیت کی عینک پہن رکھی ہے‘ 5 سال میں پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کو فنڈز نہیں دیئے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر بلدیات جام خان شورو کا تعلق حیدرآباد سے ہے لیکن 90 فیصد شہری آلودہ پانی پی رہے ہیںاورکراچی میں دوتہائی آبادی پانی سے محروم ہے ‘وزیر اعلیٰ سندھ کا تعلق پی پی سے ہے انہیں صوبے میں کام کرنے سے کون روک رہاہے ‘ اگر وزیر بلدیات اپنے حلقے کا پانی پی لیں تو انہیں ہیضہ ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ کرپشن اور لوٹ مار کی صورتحال اب وزیر وں اور مشیروں تک نہیں رہی بلکہ اب وزیروں کے پی اے کے گھروں سے بھی کروڑوں روپے نکل رہے ہیں ‘کراچی اور حیدرآباد سے 95فیصد روینیو جمع ہوتا ہے لیکن خرچ لاڑکانہ میں ہوتا ہے اوراس کا بھی عملی طورپر صرف 10فیصد بھی لگایا نہیں جاتا باقی کرپشن کی نظر ہوجاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ مردم شماری میں سندھ کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو کم دکھایاگیاہے جس کا نقصان ہوگا ‘سندھ این ایف سی میں اپنے حصہ کے وسائل میں کم ملے گا ‘ پیپلزپارٹی نے صرف زبانی خرچ جمع سے کام لیا ۔انہوںنے کہاکہ کارکنوں کا اعتماد ہے ایم کیوایم پر ‘ووٹ صرف اور صرف پتنگ اور ایم کیوایم کا ہے ۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد) کی جانب سے حیدرآباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ‘ صاف پانی کی عدم فراہمی اور شہری علاقوں کو نظر انداز کئے جانے کے خلاف پھلیلی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاءبینر ز اور پلے کارڈز اٹھائے سندھ حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد) کے رہنماءفیصل سبزواری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہری علاقوں کو ایم کیوایم کو ووٹ دینے کی سزادی جارہی ہے ‘ شدید گرمی کے باوجود حیدرآباد میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے‘ شہری آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں لیکن حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہماری غفلت کا فائدہ اٹھا کر سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے جو غیر ذمہ دارانہ اقدام اٹھایا یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے‘ انہیں یہ کہنا چاہئے تھا کہ اردو‘ سندھی اور انگریزی زبان کو استعمال کیا جائے گا‘ ہم اور آپ مل کر بولے تو یہ فیصلہ واپس لیا گیا ہے۔اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین