• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جام شورو کو نیب سے تعاون کرنے اور نیب کو قانونی دائرے میں تحقیقات کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر قانونی اثاثے بنانے سے متعلق سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کو تعاون کرنے اور نیب کو قانونی دائرے میں تحقیقات کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام سے متعلق سابق وزیر بلدیات جام خان شورو و دیگر 15 ملزمان کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ جام خان شورو نیب سے تعاون نہیں کر رہے۔کال اپ نوٹس تک کا جواب نہیں دیا گیا۔ جام خان شورو کے وکیل خالد جاوید خان نے موقف دیا کہ میرے موکل کو جواب جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے جام خان شورو کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو سوال نامہ مل گیا۔ جام خان شورو کے وکیل نے موقف دیا کہ جی جواب نامہ ملا ہے کہ 30 سالوں میں کتنا پیٹرول / سی این جی فروخت ہوئی۔ ہم مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں مگر قانون کے دائرے میں عمل کیا جائے۔عدالت نے جام خان شورو کو نیب سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب کو قانونی دائرے میں جام خان شورو سے تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے ریماکس دیئے جام خان شورو نیب سوال نامے کا باقاعدہ جواب بھی جمع کرائیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام ملزمان عدالت میں موجود ہیں۔ کیا ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ کہ ریفرنس دائر کردیا ہے۔ عدالت نے سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین