• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر میڈیٹ کامرس پرائیویٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کامرس پرائیویٹ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں۔ ان امتحانات میں انوشہ راحیل بنت راحیل اکرام رول نمبر 524007نے 1100میں سے 877+3 نمبرز اے ون گریڈ حاصل کر کے پہلی پوزیشن، عائشہ بنت محمد ایوب رول نمبر 556527 نے 866 نمبرز اے گریڈ لے کر دوسری پوزیشن جبکہ رابعہ زیب بنت محمد جہانزیب خان رول نمبر 523944 نے 846نمبرز اے گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔قائم مقام ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کیلئے 6000امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جس میں سے 5731امیدوار امتحانا ت میں شریک ہوئے جبکہ 1162امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 20.28فیصد رہا۔ان امتحانات میں ایک امیدوار نے اے ون گریڈ،27نے اے گریڈ، 135 نے بی گریڈ، 343 نے سی گریڈ، 551 نے ڈی گریڈجبکہ 105 نے ای گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔نتائج اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ (Android App) کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین