• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Kelectric Creates Problems For Karachiits During Rain
کراچی میں باران رحمت کو کے الیکٹرک نے شہریوں کے لیے زحمت بنا دیا، بارش کی چند بوندیں گرتے ہی بجلی فرارہوگئی ،کہیں 16 گھنٹے گزرجانے کے باوجود بجلی کی فراہمی معطل ہے تو کہیں کم وولٹیج کے باعث عوام قیمتی بجلی کے آلات سے محروم ہو گئے ۔

کے الیکٹرک کا دعوی ہے کہ ٹرپ ہوجانے والے 200 متاثرہ فیڈرز میں سے 100 سے زائد بحال کردئیے گئے ہیں جبکہ اس دعوے کے برعکس شہر کے بیشتر علاقوں میں گزشہ روز سے معطل ہونے والی بجلی تاحال بحال نہیں ہوسکی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں گلشن عمیر، ملیرکینٹ، ریس کورس کلب کالونی ، پریم ولاز، سید ولیج ، گلشن معمار، کھارادر ، لیاری، صدر، بہادر آباد شامل ہیں جہاں 16سے زائد گھنٹے گزرجانے کے باوجود بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی ہے۔

دوسری جانب جن علاقوں میں بجلی بحال ہوئی وہاں بھی وولٹیج کی کمی کا سامنا ہےاور اسی باعث قیمتی برقی آلات کی خرابی نے بھی شہریوں کو خوب بجلی کے جھٹکے دے ڈالے ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بجلی نہ ہونے سے گھروں میں کھانے پینے کی اشیاء بھی خراب ہوگئیں ہیں یہاں تک کہ پانی بھی ختم ہوگیا ہے ۔

ایک طرف شہری بجلی نہ ہونے سے بلبلا رہے ہیں تو دوسری جانب کے الیکٹرک ان کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران 200 فیڈرز ٹرپ ہوئے تھےجن میں سے 100 سے زائد کو بحال کردیا گیا ہے۔جن علاقوں میں بجلی نہیں ہے وہاں 'معمول کی ٹرپنگ اور فنی خرابی ہے۔بجلی کی بحالی کے لیے فیڈرز کا مرمتی کام جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی اس فنی ' خرابی نے تو ان کا خانہ خراب کرڈالا ہے۔
تازہ ترین