• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہمانوں کی آمدکے موقع پر انھیں لیونگ روم یا ڈرائنگ روم میں بٹھایا جاتا ہے۔ عام طور پر کبھی اس بارے میں نہیں سوچا جاتا کہ انھیں بٹھانے کا انتظام کچھ منفرد ہو۔ منفرد انتظام کے لیے یقیناً منفرد جگہ بھی درکار ہوگی، تو کیوں نہ گھر کے کسی عام سے حصے کو منفرد اور لگژری انداز میں تبدیل کرلیا جائے۔ وہ عام سی جگہ آپ کے گھر کی چھت بھی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کی چھت فلیٹ ہے تو پھر اسے مختلف انداز سے استعمال کے قابل بنائیں۔ چھت کا بہتر استعمال نہ صرف آپ کو بیٹھنے کی مکمل اور خوبصورت جگہ فراہم کرے گا بلکہ اس سے آپ کے گھر کی قدروقیمت بھی بڑھے گی۔

کثیرالمقاصد استعمال

چھت ڈیزائن کرنے سے قبل اس بات کا ضرور خیال رکھاجائے کہ آپ کی چھت کسی ایک مقصد کے تحت استعمال میں نہ آئے بلکہ مختلف مقاصد کے لیے اس کا استعمال کیا جائے مثلاً گھر کی ڈیزائننگ کرتے وقت اس بات کو ضرور دیکھا جائے کہ چھت کو کس طرح زیادہ سے زیادہ کھلا اور خوبصورت بنایا جاسکتا ہے، جو بیٹھنے کی ضرورت کو بھی پورا کرے اور دلکش بھی لگے۔ اکثر لوگ اس بات کے لیے ماہرین سے مشورہ بھی کرتے ہیں۔

چھت پر فرش کے مختلف انداز

چھت کو ڈیزائن کرنے کے لیے پہلا مرحلہ فرش کے انتخاب کا ہے۔ فرش جتنا عمدہ ،پائیداراور خوبصورت ہوگا، چھت اتنی ہی دلکش اور متاثر کن لگے گی۔ اگر چھت کے فرش کی بات کی جائے تو یہ وہ حصہ ہے جس پر موسم کے خراب اثرات پڑنے کا خدشہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ 

چھت پر عموماً شیڈ ز کا استعمال کم ہی کیا جاتا ہے، ایسی صورت میں دھوپ ہو یا بارش، گھر کے عام حصوں کے بجائے اس پرزیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔ چھت کے لیے فرش کا انتخاب کرتے وقت اس بات کاخیال رکھیں کہ مواد وہ استعمال کیا جائےجو پانی اور دھوپ دونوں کا مقابلہ کر سکے۔ چھت کی تعمیر میں پولیمر کا استعمال اسے فنگس اور ماحول کے حملوں سے بچاتا ہے۔ فرش پر پکی ٹائلیں لگا کر بھی ایسی کسی مصیبت سے بچا جا سکتا ہے۔

اگر فرش کے انداز کی بات کی جائے تو چھت کے فرش کےلیے لکڑی کا استعمال خاصا مقبول ہورہا ہے۔ دوسری صورت میں آپ ٹائل کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔آجکل چھتوں کے فرش کے لیے ٹائلنگ کروانا رجحان کا حصہ بنتا جارہا ہے۔

بیٹھک کا انتظام

چھت پر بیٹھنے کا انتظام کرنا آپ کی چھت کی لمبائی پر منحصر ہے، چھت جتنی کشادہ ہوگی اتنے ہی زیادہ مقاصد کے لیے یہ استعمال میں لائی جاسکتی ہے۔ اس حصے کو بنانے کے لیےلکڑی یا سیمنٹ کے مواد کا استعمال کریں۔ فرش پر گولائی یا مستطیل صورت میں سٹنگ ارینجمنٹ کرکے چاروں طرف مواد کےخوب صورت استعمال سے باڑ بنوائیں، یہ باڑ اس حصے کو چھت کے باقی حصوں سے الگ تھلک اور منفرد رکھے گی اور متاثر کن بھی محسوس ہوگی۔

موسم کے اثرات سے محفوظ رہنے کے کے لیے اس حصے میں ریڈی میڈ فرنیچر کے بجائے خالص لکڑی یاپتھروںسے بنی کرسیاں رکھنے پر غور کریں، جنہیں بعد میں خوبصورت کشن رکھ کر سجایا جاسکتا ہے۔اگر آپ ریڈی میڈ فرنیچر کے انتخاب میں دلچسپ رکھتے ہیںتوسٹنگ ارینجمنٹ ایریا میں لکڑی یا دھات کے خوبصورت شیڈز کا اضافہ کریں، یہ ایک طرف آپ کے فرنیچر کی حفاظت کرے گا تو دوسری طرف گرم موسم میں اہل خانہ کو دھوپ کی شدت سے بھی محفوظ رکھے گا ۔

باربی کیو ایریا

عید قرباں کا موقع ہو یا پھر ویک اینڈ، باربی کیو کاؤنٹر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لیے کچھ جگہ باربی کیو کاؤنٹر کے لیے مختص کریں۔ چھت پر باربی کیو کے لیے بِلٹ اِن کاؤنٹر بنوانے پر غور کریں۔ بِلٹ اِن آؤٹ ڈور اسٹائل کے تحت چھت کی دیوار، کچن یا باربی کیو کاؤنٹر کے طور پر فکس کردی جاتی ہے اور اس دیوار میں بلٹ اِن کیبنٹس اس طرح بنائے جاتے ہیں کہ چولہے بھی بآسانی نصب ہوجائیں جبکہ باقی کیبنٹس کو آرائش کے طورپر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس حصے میں آپ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ پلان بنا کر باربی کیو پارٹیز سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

کچھ حصہ قدرتی خوبصورتی کیلئے

چھت کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے قدرتی خوبصورتی اہم کردار ادا کرسکتی ہے، یہ خوبصورتی آپ کی طبیعت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرے گی۔ اس مقصد کے لیے چھت کا ایک حصہ ہریالی کے لیے منتخب کریں، جب بات ہوباغ کی اور سر سبز پودے ،گھاس یا کیاریاں نہ ہوں، ایسا ممکن نہیں ! پودوں کے سائز اور تعدادکا انتخاب جگہ کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔ اگر جگہ چھوٹی ہے تو دو سے تین گملے بھی بہت ہوں گے اور باقی لٹکانے والے گملے بھی لگائے جا سکتے ہیں، جس سے جگہ بھی نہیں گھرے گی اور تازگی سے بھر پور باغ بھی تیار ہوجائے گا۔ یہ آپ کو صاف ستھری اور تازہ ہوا کی فراہمی میں بھی مدد دے گا۔

ڈائننگ ایریا

چھت پر ان سب حصوں کی تعمیر کے بعد اگر تھوڑی سی جگہ بچ جائے تو آپ اسے ڈائننگ ایریا میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ کرسیوں اور کھانے کی میز کو اپنی چھت پر لگائیں اور کھانے کے ساتھ ساتھ آپس میں گفتگو کرتے ہوئے اس وقت کو مزید پرلطف بنائیں۔

تازہ ترین