• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں بھائی پر تشدد دیکھ کر بہن کا دل بند ہوگیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہے، قابض افواج کی طرف سے ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کی جا رہی ہیں، کلگام میں بھائی پر بھارتی فوجیوں کا تشدد دیکھ کر بہن کا دل بند ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کلگام میں دو دن پہلے بھارتی قابض افواج نے ایک نوجوان کو اسی کے گھر کے باہر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

اپنے بھائی پر بہیمانہ تشدد دیکھ کر نوجوان کی 22 سالہ بہن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی۔

علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے محرم کی مجالس اور جلوس برآمد کرنے والوں کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئے طاقت کا استعمال کیا۔

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو یوم عاشورہ پر خطبہ دینے سے روکنے کیلئے گھر میں نظر بند کردیاگیا۔

کشمیری میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی انتظامیہ نے یوم عاشورہ کا جلوس روکنے کیلئے سری نگر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے، سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

حریت رہنماؤں کی جانب سے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی، بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن میں دو کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے محرم کے پرامن جلوس نکالنے اور مجالس منعقد کرنے والوں کو بھی نہ بخشا، سری نگر میں جلوس کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں، جگہ جگہ راستے بند کر دیے۔

بھارتی فوج کی جانب سے مجلس کے شرکاء پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، حریت قیادت نے عزاداروں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمل کی شدید مذمت کی ہے۔

ادھر بانڈی پورہ میں سرچ آپریشن میں بھارتی فورس نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

تازہ ترین