مشعل خان داؤد زئی بزم ندرت فکر کی چیئرپرسن سوشل ونگ نامزد

October 19, 2021

کونٹری ( نمائندہ جنگ ) ادبی سماجی وثقافتی تنظیم بزم ندرت فکر کے بانی و چیف آرگنائزر جاوید اقبال مغل نے پاکستان نژاد کینیڈین سماجی شخصیت محترمہ مشعل خان داؤد زئی کو انکی پاکستان سے بے پناہ محبت اور طویل عرصے سے کی جانے والی سماجی خدمات کے پیش نظر بزم ندرت فکر کی چیئر پرسن سوشل ونگ نامزد کر دیا، بزم کی آٹھ 8رکنی ایگزیکٹو کونسل کے متفقہ فیصلے کے مطابق انہیں پانچ سال کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ جاوید مغل نے اس موقع پر کہا کہ ہر وہ شخص بزم کے لیے قابل قدر ہے جو پاکستان اور انسانیت کے لیے کام کرے، پاکستان کا نام اجاگر کرے، بزم کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے، سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا کر ہی ہم پاکستان کی خدمت کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں نوجوان نسل کی آبیاری کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے جس کے لیے بزم ندرت فکر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کر رہی ہے تاکہ پاکستانیت سے بھرپور نوجوان نسل تیار کی جا سکے، نومنتخب چیئرپرسن مشعل خان نے کہا انسانیت کی خدمت سے ہی فلاح و بہبود کے راستے کھلتے ہیں اور انسانیت کی تعمیر کا فن حاصل ہوتا ہے، میری زندگی کا مقصد ہی پاکستان اور انسانیت کی خدمت ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بزم ندرت فکر کے ذریعے خدمت کا موقع ملا، میں پاکستان کا نام دیار غیر میں نہ صرف اجاگر کروں گی بلکہ پاکستان کے اندر بھی انسانیت کی خدمت کے لیے کردار ادا کروں گی تاکہ ہم سب متحد منظم اور یک جان ہو کر ملک و قوم کے لیے کام کر سکیں۔