بِل گیٹس اور میلنڈا بیٹی کی شادی پر جذباتی

October 19, 2021

مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس اور اُن کی سابقہ اہلیہ میلنڈا گیٹس نے بیٹی جینیفر کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹس شیئر کی ہیں۔

بِل گیٹس نے بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنی خوشی کے اظہار کیلئے میرے پاس الفاظ ختم ہوگئے ہیں۔


انہوں نے لکھا کہ ’جین اور نائل ، یہ الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے کہ مجھے آپ کی شادی کے دن آپ دونوں کو خوش دیکھ کر کتنی خوشی ہوئی۔

بِل گیٹس نے لکھا کہ ’مجھے آپ دونوں پر بہت فخر ہے کہ آپ نے اپنی زندگی میں اب تک جو کچھ کیا ہے اور ہر وہ کام جو آپ اپنے مستقبل میں ساتھ مل کر کریں گے۔‘


دوسری جانب بِل گیٹس کی سابقہ اہلیہ نے بھی بیٹی کی شادی کی تقریب کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے ہم نے ساتھ مل کر بیٹی کی شادی کا جشن منایا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس خاص دن کے لیے محفوظ طریقے سے جمع ہونے کا راستہ تلاش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 27 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد رواں برس مئی میں راہیں جدا کرنے والا جوڑا بیٹی کی خوشی میں شامل ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ دکھائی دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بِل گیٹس اور میلنڈا کی بڑی بیٹی جینیفر اپنے دیرینہ دوست نائل ناصر کے ساتھ ہفتے کے روز نیو یارک میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔