• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلاق کے بعد بیٹی کی شادی پر بِل گیٹس اور ملینڈا ساتھ ساتھ

مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس اور سابقہ اہلیہ میلنڈا طلاق کے بعد بیٹی جینیفر کی شادی پر ساتھ ساتھ دکھائی دیے۔

طلاق کو حتمی شکل دینے کے تقریباً تین ماہ بعد بل گیٹس اور میلنڈا  کو پہلی بار اپنی بیٹی کی شادی کی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق  اس جوڑے کی بڑی بیٹی جینیفر اپنے دیرینہ دوست نائل ناصر کے ساتھ ہفتے کے روز نیو یارک میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی۔

27 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد رواں برس مئی میں راہیں جدا کرنے والا جوڑا بیٹی کی خوشی میں شامل ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ دکھائی دیا۔

عرب ویب سائٹ کے مطابق جوڑے نے پہلے ایک خفیہ مسلم تقریب کا انعقاد کیا جس میں والدین بھی شریک تھے۔

یاد رہے کہ بل گیٹس اور میلنڈا نے دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کو اُس وقت حیران کیا تھا جب انہوں نے رواں برس مئی میں اعلان کیا کہ انہوں نے 27 سال بعد اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق بل گیٹس کی اہلیہ اپنا نام تبدیل نہیں کریں گی، جج نے بِل گیٹس کو حکم دیا کہ وہ اپنی جائیداد کی تقسیم کو معاہدے کی شرائط کے مطابق تقسیم کریں جو کہ طلاق کی شرائط کے تحت خفیہ رہتی ہے۔

دوسری جانب بل گیٹس کی بیٹی اور کروڑ پتی مصری مسلمان نوجوان کے تعلقات کی خبریں 2017 میں سامنے آئی تھیں اور اس وقت ہی یہ چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ جلد ہی دونوں شادی کرلیں گے۔

جینیفر گیٹس کی جانب سے ماسٹرز کی تعلیم کی وجہ سے ان کی شادی ممکن نہ ہوسکی لیکن دونوں اس عرصے انتہائی قریب رہے ۔

جینیفر کے شوہر نائل نصر مصر کے مشہور گھڑ سوار ہیں۔ 30 سالہ نائل نصر نے 2020 میں ٹوکیو اولمپکس کے لیے مصر کی جانب سے کوالیفائی بھی کیا تھا۔

25 سالہ جینیفر خود بھی گھڑ سواری کی شوقین ہیں اسی لیے ان کے اور نائل نصر کے روابط قائم ہوئے اور اب دونوں نے شادی کرلی۔

خاص رپورٹ سے مزید