املی کی چٹنی اور دہی کیساتھ تیار ہونیوالی ’رس گلہ چاٹ‘

October 20, 2021

اگر آپ کھانے کے شوقین ہیں تو ہمیں یقین ہے کہ آپ جدید مگر دلکش پکوان سے لطف اندوز ہوتے ہیں تاہم، کھانے پینے کا شوقین اُس وقت ضرور حیران ہوگا جب کوئی اُسے ’رس گلہ چاٹ‘ کے بارے میں بتائے گا جوکہ املی کی چٹنی اور دہی کی مدد سے تیار کی گئی ہو۔

رس گلہ، جو ایک مزیدار مٹھائی ہے اور ہر چھوٹا بڑا شخص، اس مٹھائی کو بڑے ہی شوق سے کھانا پسند کرتا ہے لیکن اب ایک شخص نے تو میٹھے رس گلوں پر املی کی چٹنی اور دہی ڈال کر اسے ’رس گلہ چاٹ‘ میں تبدیل کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک شخص کو ’رس گلہ چاٹ‘ تیار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں پہلے رس گلوں پر املی کی چٹنی ڈالی جاتی، پھر اُس میں دہی شامل کی جاتی ہے اور آخر میں سجاوٹ اور مزید ذائقے کے لیے چاٹ پر کشمش، بادام اور کاجو بھی ڈالے جاتے ہیں اور اس طرح یہ ’رس گلہ چاٹ‘ تیار ہوجاتی ہے۔

ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس ویڈیو پر اب تک لاکھوں لائکس آچکے ہیں۔