مرحوم عمر شریف کا مطالعہ بہت وسیع تھا، عدنان صدیقی

October 21, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں وزیر اعظم عمران خان نے 2018کا الیکشن جیتا تھا اور اگلے انتخابات بھی جیت جائیں تو اچھا ہے۔ عدنان صدیقی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں سیاست اور شوبز پر بھی بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے مرحوم عمر شریف کے کردار اور زندگی پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کا مطالعہ اتنا وسیع تھا کہ اگر ان سے مزاحیہ بات کے دوران کوئی سنجیدہ بات کی جاتی تھی تو وہ اس قدر سنجیدہ ہوجاتے تھے کہ لگتا ہی نہیں تھا کہ وہ مزاح بھی کرتے ہیں۔پروگرام کے دوران عدنان صدیقی نے حال ہی میں ٹوئٹر کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق نہ کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کی ڈیمانڈ پر اکاؤنٹ ویریفائڈ کرنے کی درخواست کی تھی، جسے مسترد کردیا گیا۔ عدنان صدیقی نے کہا کہ انہیں سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اس کے استعمال پر خدشات ضرور ہیں، کیوں کہ اس کا استعمال صحیح نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب پچھلی کابینہ کے ارکان کو اپنی کابینہ میں شامل کر رہے ہیں، اس لیے ان کی مجموعی کارکردگی سمجھ نہیں آ رہی۔عدنان صدیقی نے کہا کہ انہیں وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی کارکردگی بہتر دکھائی دیتی ہے مگر مجموعی طور پر وہ ان کی کابینہ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔میزبان نے ان سے سوال کیا کہ عمران خان کو پچھلے انتخابات جتوائے گئے تھے تا وہ خود جیتے تھے؟ جس پر عدنان صدیقی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’ان کے خیال میں عمران خان پچھلا الیکشن جیتے تھے‘۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اچھا ہوگا کہ اگر عمران خان اگلے انتخابات بھی جیت جائیں اور اگر وہ نہیں جیت پاتے تو بھی خدا مالک ہے۔