طالبہ زیادتی کیس کے ملزم کی ایک لاکھ روپے کے مچکے پر ضمانت منظور کرلی گئی

October 22, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج راولپنڈی وارث جاوید نے طالبہ زیادتی کیس کے ملزم کی ایک لاکھ روپے کے مچکے پر ضمانت منظور کرلی، تھانہ پیرودہائی کی پولیس نے سولہ طالبہ سے زیادتی اور تشدد سمیت دیگر الزامات کے تحت مدرسے کے مہتمم مفتی شاہنواز کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کیا تھا، گزشتہ روز سماعت کے دوران وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد کیس بنایا گیا تھا میڈیکل رپورٹ کے مطابق صورتحال واضح ہوگئی جبکہ متاثرہ لڑکی کا بیان بھی متنازعہ اور مقدمہ کی شریک ملزمہ پہلے ہی ضمانت پر ہے، دوسری طرف سرکاری وکیل نے ملزم پر لگے الزامات سچے قرار دیتے ہوئے کہا کہ محض پولی گرافی ٹیسٹ کسی کو بے گناہ ثابت کرنے کے لئے کافی نہیں، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ ریکارڈ کے مطابق یہ واقعہ پندرہ اگست کو پیش آیا اور سترہ اگست کو ایف آئی آر درج کی گئی، ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161کے تحت متاثرہ لڑکی کا بیان 17اگست اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164کے تحت متاثرہ لڑکی کا بیان 30اگست کو ریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہےکہ تھانہ پیرودھائی پولیس نے متاثرہ طالبہ مسکان نثار کی والدہ روبینہ گل کی درخواست پر سترہ اگست کو زیادتی سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ نمبر879درج کیا تھا۔