فراڈکیس،مزیدجسمانی ریمانڈکی استدعامسترد،ملزم کوجوڈیشل کرنیکاحکم

October 22, 2021

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کے کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئےنجی کمپنی بی فار یو کمپنی کے مالک سیف الرحمن کو جوڈیشل کرنے کا حکم سنا دیا۔ جمعرات کو سماعت کے دوران نیب حکام نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو عدالت پیش کرتے ہوئے ملزم سیف الرحمن نیازی کا مزید جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی استدعاکی گئی، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم سیف الرحمن نیازی سے مزید تفتیش کرنی ہے،ملزم دوسرے ممالک میں بھی پونزی سکیمز چلا رہا ہے ان سے متعلق تفتیش کرنی ہے، پبلک آفس ہولڈرز اور بینکس سے متعلق تفتیش ، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے،اس موقع پر ملزم سیف الرحمن نیازی کے وکیل لطیف کھوسہ نےجسمانی ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ کسی بینک سے قرض نہیں لیا گیا تو کیسے بینک کا ملزم ہو سکتا ہے،بینک کا معاملہ نیب کا دائرہ اختیار نہیں، ایس ای سی پی نے جو جرمانہ کیا ہوا ہے اس کیخلاف اپیل دائر کی ہوئی ہے، ایک ماہ سے ملزم کو ریمانڈ میں رکھا ہوا ہے، ملزم سے ملاقات کرنے کی استدعابھی ہے، عدالت نے لطیف کھوسہ کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم سے ملاقات کی اجازت دے دی اوردلائل کے بعد نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم سیف الرحمن نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔